|

وقتِ اشاعت :   July 20 – 2020

تربت: نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما، میونسپل کارپوریشن تربت کے سابق میئر قاضی غلام رسول بلوچ نے کیچ میں بجلی کی دانستہ بحران کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کیچ میں بجلی کا کوئی طے شدہ نظام الاوقات نہیں ہے، کب بجلی آئے گی، کب جائے گی، کسی کومعلوم نہیں، بلنگ اور وصولیوں کے نام پر فیڈرز اور ٹرانسفارمرز کی بندش غیرانسانی رویہ ہے، بجلی وولٹیج کی کمی بیشی صارفین کے قیمتی برقی آلات کے جلنے کا سبب بن رہی ہے۔

کیسکو کو کوئی پوچھنے والا نہیں، کیسکو خودسر اوربے لگام بن چکاہے، کیچ کو جنت بنانے کے دعویداروں کا آج کہیں پر نام ونشان نہیں ہے، عوام روز سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے، سلیکٹڈ نمائندوں کو عوام کی جانب دیکھنے کی فرصت ہی نہیں وہ اپنے مسئلہ مسائل میں مگن ہیں، گلی محلوں کے خراب ٹرانسفارمر2،2اور3، 3ماہ تک مرمت نہیں ہوتے، شاہی تمپ فیڈر، دشت، بل نگور اوربلیدہ میں بجلی کی صورتحال انتہائی تکلیف دہ بن چکی ہے۔

اپنے بیان میں سابق میئرتربت قاضی غلام رسول بلوچ نے کہاکہ کیسکو بے لگام گھوڑا بن کر اپنی من مانیاں کررہاہے، نادہندگی کے نام پر پورے ٹرانسفارمرز کے لنک اتارے جاتے ہیں پورے فیڈرز کی بجلی بند کی جاتی ہے جس سے وہ صارفین بھی متاثرہورہے ہیں جو باقاعدگی سے بل جمع کرتے ہیں، تربت سٹی فیڈز، آبسرفیڈر، ملک آبادفیڈر، ایکسپریس فیڈر،سامی فیڈر،ناصر آباد فیڈر، میری قلات فیڈر سمیت دیگر فیڈروں پر لوڈشیڈنگ کا اگرکوئی شیڈول بنایاگیاہے۔

تو وہ محض دفتری ریکارڈ تک محدود ہوگا عملاً تمام فیڈروں پر لوڈشیڈنگ کا کوئی شیڈول نہیں ہے، جب جی چاہے بجلی بند کردی جاتی ہے، طے شدہ شیڈول کے برعکس کئی کئی گھنٹوں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے وولٹیج انتہائی کم کردی گئی ہے جبکہ کبھی کبھار وولٹیج اپ ڈاؤن ہونے سے صارفین کے قیمتی برقی آلات جل جاتے ہیں، نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما قاضی غلام رسول بلوچ نے کہاکہ بارشیں جو رحمت کا ذریعہ ہوتی ہیں۔

مگر کیسکو کی وجہ سے بارشیں اورتیز ہوائیں زحمت بن جاتی ہیں پورا مکران تاریکی میں ڈوبنے کے ساتھ ساتھ مختلف فیڈروں پر کئی کئی دنوں تک بجلی کی فراہم تعطل کاشکارہوجاتی ہے یہی صورتحال شاہی تمپ فیڈرکی ہے، کوشقلات، شاہی تمپ، پٹھان کہور، شنزدر، ڈنک، بہمن، گوکدان، نوکباد سمیت دیگر دیہات صرف 4کھمبوں کی وجہ سے کئی دنوں سے بجلی سے محروم ہیں۔

بجلی بندش کے باعث عوام پانی کی بوند بوندکوترس رہے ہیں، کیچ کو جنت بنانے کے علمبردار کیچ کوجنت بعدمیں بنائیں فی الحال ان غریبوں کیلئے4کھمبوں کاانتظام کریں ان کی بڑی مہربانی ہوگی، انہوں نے کہاکہ کوشقلات، چاہ سر، شاہی تمپ،گوکدان، ڈنککے عوام اس شدید گرمی میں روزانہ سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں مگر کوئی فریادسننے والانہیں۔