|

وقتِ اشاعت :   July 22 – 2020

تربت: آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل سرفراز علی نے تربت دھماکے پر مقامی لوگوں سے دکھ کا اظہار کیا- تفصیلات کے مطابق جائے وقوعہ پر پہنچ کر مقامی لوگوں سے بات کرتے ہوئے آئی جی ایف سی نے کہا کہ ملک دشمن عناصر بلوچستان کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن افوج پاکستان ان کے اس مذموم عزائم کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔

بعدازاں میجر جنرل سرفراز علی نے سول ہسپتال تربت کا بھی دورہ کیا اور زخمیوں کی عیاددت کی۔ آئی جی ایف سی نے شہید اور زخمیوں کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ آج شرپسند عناصر نے یہ ثابت کردیا ہے کہ ان کا مقصد صرف اور صرف بلوچستان کا امن تباہ کرنا ہے یہ شرپسند عناصر نہیں چاہتے کہ بلوچستان کے غیور عوام اپنے مستقبل کو سنوار سکیں۔

آج یہ حملہ بلوچستان کی عوام کے ابھرتے اور سنورتے مستقبل کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔ لیکن بلوچستان کے امن کے لئے افواج پاکستان ہر ممکن کوشش کریں گے اور ملک دشمن عناصر کو بلوچستان کے امن کو خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ اور انشا اللہ ان شرپسند عناصر کے خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔