|

وقتِ اشاعت :   July 27 – 2020

کوئٹہ: بلاول بھٹو زرداری نے سردار اختر مینگل کو اپوزیشن بینچوں پر آنے کیلئے ایک بار پھر دعوت دیدی جبکہ ون ٹو ون ملاقات میں سابق صدر آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام دیا بی این پی مینگل آزاد بینچوں پر بیٹھی ہے اپوزیشن کم از کم نکات پر یکجا ہو کر ہمیں دعوت دے ضرور غور کرینگے سردار اختر مینگل کا بلاول کو جواب ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل سے زرداری ہاؤس میں اہم ملاقات ہوئی۔

پہلے دونوں رہنماؤں نے وفود کی سطح پر ملاقات کی جسکے بعد بلاول بھٹو زرداری اور سردار اختر مینگل کی ون ٹو ون ملاقات ہوئی ذرائع کا کہناہے وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر سردار اختر مینگل کو دعوت دی کہ وہ اپوزیشن بینچوں پر آجائیں جس پر سردار اختر مینگل نے انہیں جواب دیا کہ اپوزیشن کم از کم نکات پر یکجا ہو اور انکے چھ نکات کے حوالے سے ایک واضح مؤقف لیکر مشترکہ دعوت دے۔

وہ ضرور اس پر غور کرینگے جب تک یہ نہیں ہوتا اسوقت تک وہ آزاد بینچوں پر رہ کر ایشو ٹو ایشو اپوزیشن کا ساتھ دینگے جیسا کہ وہ گزشتہ دو سالوں میں بھی اپوزیشن کے حقیقی ایشوز پر انکا ساتھ دیتے آئے ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات کے بعد سردار اختر مینگل اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ون ٹو ون ملاقات بھی ہوئی جسمیں بلاول نے سردار اختر مینگل کو اپنے والد اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا اہم پیغام پہنچایا۔

اور مولانا فضل الرحمان کیساتھ کراچی میں ہونے والی ملاقات پر اعتماد میں لیا ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی آصف علی زرداری سے ہونے والی ملاقات کے بعد بلاول بھٹو زرداری کا سردار اختر مینگل کو ملاقات کا پیغام بھیجنا انتہائی اہم ہے اور ممکنہ طور پر سردار اختر مینگل جلد کوئٹہ کا دورہ کرسکتے ہیں اور ان ملاقاتوں کے بعد یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔

بی این پی مینگل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار اختر مینگل گزشتہ چند ماہ سے کوئٹہ آنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم کرونا کی صورتحال کی وجہ سے تاخیر ہوئی تاہم اب عید الاضحی کے بعد بی این پی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل کے دورہ کوئٹہ کا امکان ہے۔