|

وقتِ اشاعت :   July 29 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے خلاف جوڈیشل مجسٹریٹ کوئٹہ ون میں مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست جمع کرادی۔ بدھ کو بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صدر بلوچستان ہائی کورٹ بار ساجد ترین ایڈووکیٹ نے سردار اختر جان مینگل کی جانب سے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے جوڈیشل مجسٹریٹ کوئٹہ ون میں درخواست دائر کردی۔

جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بی این پی نے وفاق سے علیحدگی اختیار کی تو سیاسی جماعتوں نے ملا جلا ردعمل کا اظہار کیا لیکن اس بارے وفاقی وزیر جو رکن قومی اسمبلی بھی ہیں کے الفاظ گالی کے ذمرے میں آتے ہیں یہ سردار اختر جان مینگل کے خلاف نہیں بلکہ بلوچستان کی عوام کی توہین کی ہے لہذا ان کے خلاف کریمنل کیس زیر دفعہ 499۔500۔503-506 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔

اس موقع پر ساجد ترین ایڈووکیٹ نے اپنا بیان ریکارڈکرادیا،، بعد ازاں جمیل رمضان ایڈووکیٹ، غنی مینگل ایڈووکیٹ، فہد مینگل ایڈووکیٹ اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ساجد ترین ایڈووکیٹ نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے فیصلے پر سردار اختر جان مینگل نے وفاقی حکومت سے علیحدگی اختیار کرلی جس کے بعد وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے سردار اختر جان مینگل اور مینگل قبیلے کے خلاف نامناسب الفاظ استعمال کیے اس سے صرف بلوچستان نیشنل پارٹی ہی نہیں بلکہ بلوچستان کی تمام عوام کی دل آزاری ہوئی ہے ان کے غیر اخلاقی الفاظ کے خلاف ہم آج شیخ رشید کے خلاف عدالت گئے ہیں۔