|

وقتِ اشاعت :   August 13 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر ملک نصیر شاہوانی نے بلدیہ عظمیٰ کوئٹہ کو وسائل کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وسائل میں اضافے سے متعلق وزیر بلدیات کی بھجوائی گئی سمر ی منظور کی جائے تاکہ شہری مسائل کا حل نکالا جاسکے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

ملک نصیر شاہوانی نے کہا کہ کوئٹہ کی آبادی مردم شماری میں 24لاکھ ظاہر کی گئی ہے جبکہ اصل آبادی اس سے کئی زیادہ ہے کوئٹہ کے دیہی علاقوں شاہ دین زئی،کچلاک اور بلیلی کے علاقوں کو بھی میٹروپولٹین میں شامل کیاگیاہے اس کے باوجود کوئٹہ میٹروپولٹین کارپوریشن کو 3کروڑ روپے کا فنڈز فراہم کیاجارہاہے جس سے کوئٹہ میں صفائی کی صورتحال دن بدن ابترہوتی جارہی ہے۔

صوبائی وزیر بلدیات سردارصالح بھوتانی نے مشینری اور افرادی قوت میں اضافے کیلئے فنڈز کی اجراء کیلئے حکومت کو مطالبات بھیجے ہیں جو آج بھی وزیراعلیٰ کے ٹیبل پرموجود ہیں جس سے منظور نہیں کیاجارہا،حالیہ عالمی وباء میں میٹروپولٹین کارپوریشن کے محصولات میں کمی کی وجہ سے ادارہ مالی بحران کاشکار ہوگیاہے اور سننے میں آیاہے کہ موجودہ ایڈمنسٹریٹر میٹروپولٹین کارپوریشن اور حکومت کے درمیان ان بن ہے۔

اس کی سزا کوئٹہ کی عوام کو نہ دی جائے۔میٹروپولٹین کارپوریشن کوفنڈز کااجراء کرکے شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر بنائی جائیں۔