|

وقتِ اشاعت :   August 18 – 2020

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ملک میں کورونا کیسز بڑھنے کے خدشے کا اظہار کردیا۔ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہناتھا کہ پاکستان میں کورونا کے کیسز بڑھنے کا خدشہ برقرار ہے، عوام کی ذرا سی بے احتیاطی وبا کے دوبارہ پھیلاؤ کا باعث بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کیسز میں کافی حد تک کمی آرہی ہے لیکن ہمیں ماسک کا استعمال کم نہیں کرنا، بد احتیاطی سے ہم دوبارہ اسی صورتحال میں واپس جاسکتے ہیں۔معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کیسز بڑھنے اور کم ہونے کا انحصار ہمارے اوپر ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث 6 ہزار 175 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 89 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔دوسری جانب کورونا فری قرار دیئے گئے نیوزی لینڈ میں کورونا کیسز میں ایک بار پھر اضافے کے بعد الیکشن مؤخر کردیے گئے۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسینڈآرڈرن نے ملک میں آئندہ ماہ ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔نیوزی لینڈ میں آئندہ ماہ 19 ستمبر کو عام انتخابات ہونا تھے جنہیں اب کورونا کیسز میں اضافے کے بعد 19 اکتوبر تک مؤخر کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم جیسینڈا ٓرڈرن کا کہنا تھا کہ انتخابات کی نئی تاریخ حالات کے مطابق منصوبہ بندی کرنے میں مدد کرے گی اور ہم اسی کے تحت مہم چلائیں گے۔جیسینڈا نے مزید کہا کہ ان کا انتخابات کو مؤخر کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا لیکن اس فیصلے سے تمام جماعتوں کو اپنی مہم کے لیے مزید 9 ہفتوں کا وقت ملے گا اور ساتھ ہی الیکٹورل کمیشن کو بھی انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کے لیے وقت ملے گا۔انتخابات کے مؤخر ہونے پر نیوزی لینڈ کی اپوزیشن نیشنل پارٹی نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ انتخابات مؤخر کیے جانے چاہئیں لیکن مہم چلانے پر پابندیوں کا مطلب ہے کہ وزیراعظم نے اس کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔

نیوزی لینڈ میں گزشتہ ہفتے سب سے بڑے شہر آکلینڈ میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے بعد شہر میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔بہرحال کورونا وائرس کے کیسز اب بھی رپورٹ ہورہے ہیں، پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں کیسز کی شرح میں کمی ضرورآئی ہے مگر صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے اب بھی بعض شعبوں پر پابندی برقرا ر ہے لہذا وباء کے خاتمے تک انہیں مکمل طور پر بحال نہ کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے مگر کراچی میں نجی اسکولوں کو کھولنے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ بعض علاقوں میں پرائیویٹ اسکولزکوکھول دیا گیا ہے جوکہ حکومتی احکامات کی سراسرخلاف ورزی ہے۔

وزیرتعلیم سندھ نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے کھولے گئے نجی اسکولز کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ یہ ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ کورونا وائرس کے وباء کو آسان نہ لیں اگر خدانخواستہ اس طرح کی غفلت برتی گئی تو بڑے پیمانے پر بچے متاثر ہوسکتے ہیں جس کی ذمہ داری پرائیویٹ اسکولز پر عائد ہوگی اور والدین خود اس کا خاص خیال رکھیں کیونکہ بچوں کی زندگی زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ تعلیمی اداروں کو ستمبر میں کھولنے کا امکان ہے اس لئے حکومتی فیصلوں کا انتظار کرتے ہوئے شعبوں کو کھولاجائے بجائے یہ کہ قانون ہاتھ میں لے کر لوگوں کی زندگی سے کھیلاجائے۔

دنیاکے بعض ممالک میں صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے اب بھی پابندیاں برقرار ہیں تاکہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہو کہ دوبارہ مکمل لاک ڈاؤن کی طرف جانا پڑے۔ پاکستان میں معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں اس لئے عوامی تعاون اس دوران ضروری ہے تاکہ پھر گھمبیر صورتحال کا سامنانہ کرناپڑے۔