کوئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر و پارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ حیات بلوچ کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہیں ایسے واقعات مسلح تنظیموں کو قوت بخشیں گے، حکومت میں رہنے یا نہ رہنے کے فیصلے کے حوالے سے پوری پارٹی ایک پیج پر ہے اگر مرکزی جماعت نے حکومت چھوڑنے کی ہدایت کی تو ہم انکے فیصلے کی پابند ی کرتے ہوئے صوبائی حکومت چھوڑ دیں گے۔
صوبائی حکومت کے سامنے اپنے مطالبات پیش کئے ہیں جس پر حکومت نے عملدآمد کی یقین دہانی کروائی ہے صوبے میں آبادی کے تناسب کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے اضلاع اور ڈویژن کا قیام ضروری ہے، بدھ کے روز کوئٹہ پریس کلب میں سابق نگراں وزیر صحت ڈاکٹر عطاء گل حمزہ زئی کی عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ حیات بلوچ نامی نوجوان کی ٹارگٹ کلنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ایسے واقعات مسلح تنظیموں کو قوت بخشنے کی سازش ہیں دنیا بھی کہیں بھی کسی کو بغیر ٹرائل کئے قتل نہیں کیا جاتا قانون کے ہوتے ہوئے ایک غریب بلوچ کو مارنا ناقابل برداشت ہے اس دردناک واقعہ کی جوابدہی ہونی چاہیے عوامی نیشنل پارٹی کاوفد حیات بلوچ کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی اور فاتحہ خوانی کے لئے تربت جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بہتری اور تربت جیسے واقعات کے تدارک کے لئے ہمیں سولین فورسز کی استعداد کا ر کر بڑھانے کی ضرورت ہے۔اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ مخلوط حکومتوں کے درمیان بات چیت ہوتی رہتی ہے ہم نے حکومت کے سامنے اپنے مطالبات رکھے ہیں جنہیں بات چیت کے ذریعے حل کریں گے حکومت نے مطالبات پر عملدآمد کی یقین دہانی بھی کروائی ہے انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے تمام اراکین اسمبلی ایک پیج پر ہیں مرکزی جماعت نے اگر صوبائی حکومت چھوڑنے کا فیصلہ کیا تو ہم اس کے پابند ہونگے۔
اگر ہمارے پاس پوری حکومت بھی ہو تب بھی ہم پارٹی قیادت کے فیصلے پر اسے بھی چھوڑنے کے لئے تیار ہیں۔اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ صوبے میں آبادی کے تناسب کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئٹہ، ژوب، قلات میں نئے ڈویژن اور ژوب، قلعہ عبداللہ سمیت دیگر علاقوں میں نئے ڈویژن بنانے کی ضرورت ہے ا س حوالے سے کاغذی کاروائی مکمل کرلی گئی ہے حکومت نے یقین دلایا ہے کہ وہ ان مسائل کا حل نکالے گی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستا ن کے 101یوم استقلال پر افغان قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ افغان لویہ امن جرگہ کے ذریعے افغان حکومت اور مسلح تنظیموں نے جو امن کو فروغ دینے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
وہ پایہ تکمیل تک پہنچے اور وہاں پر امن قائم ہو، انہوں نے کہا کہ افغانستا ن میں امن کی کرن پورے خطے کو امن دیگر پر امن جمہوری افغانستان کے بغیر خطے کی ترقی و خوشحالی ناممکن ہے۔انہوں نے ڈاکٹر عطاء گل حمزہ زئی کو پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عطاء گل ایک باخبر، شعوری شخصیت کے مالک ہیں جنکی پارٹی میں شمولیت سے پارٹی کو فائدہ پہنچے گا انہوں نے کہا کہ پشتون افغان قوم کے لئے صرف ایک ہی نظریہ جو کہ فکر باچا خان اور خدائی خدمت گاری ہے عوامی نیشنل پارٹی کے پاس اپنے ہر کارکن، رہنماء کے لئے احترام اور عزت کافلسفہ ہے۔
جسپر ہم سب عمل پیرا ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عطاء گل حمزہ زئی نے کہا کہ وہ اب عوامی نیشنل پارٹی کے پلیٹ فارم سے سیاسی خدمات سرانجام دیں گے عوامی نیشنل پارٹی ہر قسم کے تعصب سے پاک جماعت ہے جو کہ عدم تشدد کے فلسفے پر عمل پیرا ہے جسکی وجہ سے وہ متاثر ہو کر پارٹی میں شامل ہوئے۔