تربت: شہید حیات بلوچ کی یاد میں بی ایس او تربت کی جانب سے مشعل بردار واک، شہید فدا چوک پر موم بتیاں جلا کر حیات بلوچ کی تصاویر پر پھول نچھاور کیے گئے۔ بی ایس او تربت زون کی جانب سے ہفتے کی شام شہید حیات بلوچ کی یاد میں پریس کلب سے شہید فدا چوک تک خاموش واک کا اہتمام کیا گیا جس میں بی این پی کے کارکنان اور عام شہریوں سمیت خواتیں اور بچوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
واک میں شامل بچوں اور عورتوں نے موم بتیاں اور حیات بلوچ کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔واک کے شرکاء نے شہید فدا چوک پر بیٹھ کر شمع روشن کیں اور شہید حیات بلوچ کے تصاویر رکھ کر ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔یاد رہے کہ شہید حیات مرزا کو 13 اگست کی صبح ایف سی کانوائے پر بم حملے کے بعد ایف سی اہلکاروں نے ماورائے عدالت باغیچے سے گھسیٹ کر سڑک پر شہید کردیا تھا۔حیات مرزا کی ماورائے عدالت شہادت کے بعد بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں احتجاج اور مظاہرہ کیا گیا۔