کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے مچھ پل کا ایک حصہ حالیہ بارشوں کے باعث منہدم ہونے سے مچھ کا ملک بھر سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا جبکہ بولان میں انتظامیہ کی جانب سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
بولان کے علاقے مچھ پل کے پشتے گزشتہ چھ ماہ سے ختم تھے حالیہ بارشوں اور ندی میں سیلاب کے باعث اس کے پشتوں کو مزید نقصان پہنچا ہے جس سے شروع والا حصہ بیٹھ گیا۔ اس سے قبل جب مچھ پل کا ایک حصہ منہدم ہوا تھا تو اس کی مرمت میں 3 سال لگے تھے، متعلقہ محکمے کی غیر ذمہ داری سے عوام کی مشکلات اور تکالیف میں مزید اضافہ ہو گیا۔
کمشنر کی جانب سے عوام کو بولان قومی شاہراہ پر غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ بولان میں جاری بارش کے بعد بولان ندی میں سیلابی کیفیت ہے، انتظامیہ کسی بھی قسم کی صورتحال سے موثر طور پر نمٹنے کے لیۓ تیار ہے، تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔