کوئٹہ: کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک میں لینڈ مافیا کی جانب سے سرکاری زمین پر غیر قانونی ہاوسنگ اسکیمز بنانے کا انکشاف ہو ا ہے ، نیب بلوچستان نے غیر قانونی ہاوسنگ اسکیمز کے دفاتر سے تمام ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے،
احتساب بیورو بلوچستان نے شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے میگا سٹی کچلاک اور جان ٹاون کچلاک کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا تو انکشاف ہوا کہ مذکورہ بالا ہاوسنگ اسکیمز سرکاری زمینوں پر قبضہ کر کے بنائی گئی ،
جس میں ہزاروں لوگوں کو غیر قانونی طور پر پلاٹ فروخت کر دئیے گئے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ اسکیمز کے مالکان نے ہاوسنگ اسکیمز بنانے کے لئے کیو ڈی اے سے این او سی کے حصول سمیت کسی بھی قسم کا قانونی طریقہ کار نہیں اپنایا۔ میگا سٹی کچلاک اور جان ٹاون کچلاک کے متاثرین اپنے کلیم کی بابت نیب بلوچستان سے رجوع کر سکتے ہیں۔