خضدار: بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (پجار) ضلع خضدار کے زیر اہتمام بی ایم سی بحالی تحریک کے مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی نکالی گئی،ریلی کے شرکاء مختلف شاہراوں سے ہوتے ہوئے خضدار پریس کلب پہنچے شرکاء سے نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن و ضلع خضدار کے صدر عبدالحمید ایڈووکیٹ،بی ایس او کے مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن کریم بلوچ،ظفر بلوچ،شکیل بلوچ،وہاب خدرانی و دیگر نے خطاب کیا۔
جبکہ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے رہنماوں میر سلمان زرکزئی،ناصر کمال بلوچ،وہاب غلامانی و دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت بری طرح ناکام ہو چکی ہے نہ نوجوانوں کے مسائل حل ہو رہے ہیں نہ طلباء و طالبات کے مسائل کے حل کی جانب توجہ دی رہی ہے صحافی دن دہاڑے قتل ہوتے جا رہے ہیں امن و امان کی صورتحال تباہی کی جانب بڑ ھ رہی ہے۔
یونیورسٹیوں کے دروازے طلباء و طالبات کے لئے بند کئے جا رہے ہیں یوں محسوس ہو رہا ہے کہ پورے صوبے کے انتظامی سطح پر تباہی کی جانب دھکیلا جا رہا ہے بی ایم سی بحالی تحریک کے مطالبات حقیقی جائز اور عوامی مفادات میں ہیں نیشنل پارٹی اور بی ایس او نہ صرف ان کی مطالبات کی بھر پور حمایت کرتی ہے بلکہ مطالبہ کرتی ہے کہ بی ایم سی بحالی تحریک کے مطالبات کو من و عن تسلیم کیا جائے۔
اور ہم یہ خبردار کرتے ہیں کہ اگر ہڑتال پر بیٹھا کسی بھی نوجوان کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کے زمہ دار صوبائی حکومت اور حکومتی ادارے ہونگے مقررین نے تربت میں بلوچ خاتون صحافی کی قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ صحافی کے قتل کی محرکات جاننے اور قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔