حب: قومی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل لی بیجیان نے کہا ہے کہ مختلف ممالک کی جانب سے منفی پروپیگنڈہ کے باوجود سی پیک جاری و ساری ہے اور وسعت اختیار کرتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈز کے فلیگ شپ پروجیکٹ سے کویڈ19- کے باوجود یہ منصوبہ گوادر سمیت پورے پاکستان میں ترقیاتی کام کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایڈیٹرز کلب کے وفد سے چینی قونصلیٹ کراچی میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔
کراچی ایڈیٹرز کلب کے وفد کا اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی میڈیا سمیت ثقافتی اور معاشی تعلقات کی مضبوطی میں تعاون فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر لی بیجیان نے کراچی میں حالیہ موسلا دھار بارش سے ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور اس حوالے سے ضروری ہنگامی تعاون کرنے کی یقین دھانی کروائی۔
سی پیک کے بارے میں منفی پروپیگنڈے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی ایڈیٹرز کلب کے ممبران سی پیک کے بارے میں منفی تاثر کو مثبت تاثر میں تبدیل کرنے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس بات پر اتفاق کا اظہار کیا کہ پاکستانی عوام کے سامنے سی پیک کا اصل رُخ پیش کرنے کے لئے چینی صحافیوں کو پاکستانی صحافیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے پاکستان چائنا میڈیا کوریڈور (PCMC) م کے قیام کے مشورے کو سراہا اور کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان مزید مضبوط تعلقات جنم لیں گے۔ اس موقع پر کراچی ایڈیٹرز کلب کے صدر مبشر میر، سینئر نائب صدر مختار عاقل،سیکریٹری منظر نقوی نے لی بیجیان کا کراچی ایڈیٹرز کلب کے ممبران کو اپنا قیمتی وقت دینے پر شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس سے پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔
لی بیجیان نے کراچی ایڈیٹر ز کلب کے ممبران کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے ہمیں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کراچی ایڈیٹرز کلب کے ممبران کے ذاتی اور دفتری استعمال کے لئے الیکٹرونک آئٹمز کے تحائف دیئے۔ کراچی ایڈیٹرز کلب کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران اور چینی قونصل جنرل حکام، آغا مسعود حسین، مختار بٹ، سید ابن حسن، مسعود زیدی، شیراز صدیقی، ردا سیفی، محمد نعیم، منصور احمد، نائب قونصل جنرل چن چیاو ڈونگ اور سیکریٹری چینی قونصل جنرل چینگ ھاو بھی موجود تھے۔