دالبندین: دالبندین کے قریب آر سی ڈی شاہراہ پر کوچ اور پروبکس گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق جبکہ 12 شدید زخمی ہو گئے ہیں زخمیوں میں سے تین کی حا لت تشویش نا ک بتا ئی جا رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دالبندین شہر کے قریب پدگ کے مقام پرآر سی ڈی شاہراہ پر کوئٹہ سے دالبندین جانے والی مسافروں سے بھری پروبکس گاڑی سامنے سے آنے والی سامان سے لدے کوچ کے ساتھ ٹکرا گئی۔
جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 12افراد شدید زخمی ہو گئے جن میں پروبکس گاڑی کے ڈرائیور عابد بنگلزئی ولد منظور آحمد سکنہ مستونگ سمیت وقاص ولد جمعہ خان سکنہ سیالکوٹ،فرہاد ولد نامعلوم سکنہ لاہور اور سدیر علی ولد حضرت شیر سکنہ لاہور پنجاب جبکہ12 زخمی افراد شامل ہیں جن میں سے 3کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ زخمی اور جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے۔
پروبکس گاڑی میں سوار یہ افراد کوئٹہ سے غیر قانونی طور پر دالبندین اور ماشکیل کے راستے روزگار کی غرض سے ایران جانا چاہتے تھے کہ علی الصبح ان کی گاڑی کوچ کے ساتھ ٹکرا گئی جاں بحق اور زخمی افراد کو پرنس فہد ہسپتال دالبندین پہنچا دی گئی جہاں پر صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر محمد عارف محمد حسنی بھی اس موقع پر پہنچ گئے اور ان کی موجودگی میں ہسپتال کے ڈاکٹرز سرجن نثار احمد اچکزئی،ڈاکٹر فاروق بلوچ اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کر دی۔
جبکہ صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر محمد عارف محمد حسنی کی ہدایت پر ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے اور جاں بحق افراد افراد کی لاشیں ایمبولینسز کے ذریعے دالبندین سے کوئیٹہ منتقل کردیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دالبندین جاوید ڈومکی،تحصیلدار سعید زہری،ایس آئی پولیس منیر احمد پانیزئی،فوکل پرسن الیاس دھانی بھی موجود تھے۔