کراچی:سندھ کی ساحلی پٹی کے ماہی گیروں نے وفاقی حکومت کی طرف سے ڈیپ سی فشنگ ٹرالروں کے لائسنس جاری کرنے والے فیصلے کو رد کرتے ہوئے بھرپور جدوجہد کا اعلان کیا ہے۔اس سلسلے میں پاکستان فشرفوک فورم، پاکستان بونافائڈ فشرمین فورم، اسٹوفا اور پاکستان فشرمین یونین کا مشترکہ اجلاس ہوا ہے
اجلاس میں ڈیپ سی فشنگ پالیسی، غیرملکی ٹرالروں کے ساتھ ساتھ چیئرمین ایف سی ایس حافظ عبدالبر کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ چئیرمین ایف سی ایس کو ہٹانے والی بات پر زور دیا گیا۔ پاکستان فشرفوک فورم کے مرکزی جنرل سیکریٹری سعید بلوچ نے کہا کہ ڈیپ سی فشنگ ٹرالرز اور پالیسی کے حوالے سے پاکستان فشرفوک فورم گذشتہ کئی سالوں سے جدوجہد کررہی ہے جس کے تحت کافی بار یہ پالیسی رد بھی کی گئی ہے بعد میں کچھ کرپٹ اور چور لوگوں کے آنے سے ایسی پالیسیوں کو جاری کرنے پر ہوا دی جاتی ہے
جن میں سے چیئرمین ایف سی ایس حافظ عبدالبر جیسے چور وں کا نام بھی زیرغور ہے۔پاکستان بونافائڈ فشرمین فورم کے صدر زاہد بھٹی نے کہا کہ ایف سی ایس جب سے وجود میں آیا ہمارے بڑوں نے اس ادارے کے لیئے کتنی انتھک محنت کی ہے یوں کہوں کہ ہم سب ساحلی پٹی پر رہنے والے ماہی گیر ہی اس ادارے کے حقیقی مالک ہیں جب جب ہمارے ادارے میں ایسے چور لٹیرے چیئرمین آئے ہیں ایف سی ایس کا دیوالیا نکال دیا جاتا ہے
جہاں تک ڈیپ سی فشنگ ٹرالروں کا مسئلہ ہے تو اس غیرقانونی کھیل میں ایف سی ایس کے چیئرمین کے ساتھ کچھ نئے ڈائریکٹرز بھی اس سازش میں شامل ہیں جن کی ملی بگت سے ہی ایسی پالیسیاں جاری کی جاتی ہیں۔ اگر ہم سب ماہی گیر تنظیمیں اور تمام ماہی گیر برادری ایک ہی پلیٹ فارم پر کھڑے نہ ہوئے تو ایسے کرپٹ اور چور لوگوں کو ہر روز ایسے موقع ملتے رہیں گے۔اسٹوفا کے مرکزی رہنما ء حبیب اللہ خان نیازی نے کہا کہ ڈیپ سی فشنگ ٹرالروں کے حوالے سے ہمیں تو یہ بھی اندرونی خبر ملی ہے کہ فی الحال 12 ٹرالرز آچکے ہیں
لیکن آہستہ آہستہ ان کی تعداد بڑھے گی اور ٹوٹل 72 ٹرالروں کے لانے کا امکان ہے اگر یہ سارے ٹرالرز یہاں آگئے تو ہمارے سمندر میں جتنی مقدار میں اس وقت مچھلی، جھینگا موجود ہے سب ختم ہوجائے گا ڈیپ سی ٹرالرز نہ صرف مچھلی، جھینگا ختم کریں گے بلکہ ہمارے سمندروں کو آلودگی سے بھر دیں گے۔ہمارے ماہی گیر وں روزگار تباہ ہونے سے اگر بچانا ہے تو ان ماہی گیر دشمنوں کی سازشوں کو ختم کرنے کے لیئے ایک ہی پلیٹ فارم پر متحد ہوکے ان کی سازشوں کے خلاف لڑنا ہوگا۔
اجلاس میں پاکستان فشرفوک فورم کے جنرل سیکریٹری سعید بلوچ، صدر کراچی ڈویڑن مجید موٹانی، جنرل سیکریٹری کراچی ڈویڑن طالب کچھی، پاکستان بونافائڈ فشرمین فورم سے زاہد بھٹی، محمد حسن اور ایاز بھٹی، اسٹوفا سے حبیب اللہ خان نیازی، سرور خان نے شرکت کی۔
بڑے ٹرالروں کو ماہی گیری کی اجازت غیر قانونی ہے قبول نہیں کرینگے، ماہی گیر تنظیمں
وقتِ اشاعت : September 12 – 2020