|

وقتِ اشاعت :   September 15 – 2020

ڈیرہ اللہ یار: نصیرآباد ڈویڑن میں پولیس کی خالی آسامیوں کی بھرتیوں میں مبینہ طور پر بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے خالی آسامیوں پر بھرتی کے لیے لاکھوں روپے کی بولیاں لگائی جارہی ہیں قد چھاتی کی پیمائش اور دوڑ پاس کروانے کی الگ قیمت مقرر کرکے ایجنٹس کے ذریعے رقم وصول کی جارہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ نصیرآباد ڈویڑن میں پولیس کی خالی آسامیوں پر میرٹ کو سبوتاڑ کرکے سفارشی اور رقم دینے والے امیدواروں کو بھرتی کرنے کے لیے فارمولہ طے کردیا ہے نصیرآباد ڈویڑن کے اضلاع جعفرآباد صحبت پور جھل مگسی نصیرآباد اور کچھی بولان میں کانسٹیبل کی خالی آسامیوں کی مختلف قیمتیں مقرر کی گئی ہیں جبکہ امیدواروں سے قد چھاتی کی پیمائش اور دوڑ پاس کروانے کی مد میں بھی رقم وصولی کی اطلاعات ہیں۔

پولیس افسران اپنے ایجنٹس کے ذریعے قد چھاتی کی پیمائش کے لیے 20 ہزار روپے دوڑ پاس کروانے کے لیے 20 سے 30 ہزار روپے وصول کررہے ہیں ڈیرہ مراد جمالی میں دوڑ کرنے والے امیدواروں کی نگرانی پر معمور ایمبولینس میں سوار ہو کر جعلی طور پر دوڑ پاس کرنے والے تین امیدوار پکڑے گئے۔

جنہیں لاکپ کروادیا گیا ذرائع نے بتایا ہے کہ جعفرآباد میں پولیس کی فی خالی آسامی کی قیمت 6 سے 7 لاکھ روپے نصیرآباد میں 7 لاکھ روپے صحبت پور میں 5 سے 6 لاکھ روپے کی بولی لگائی گئی ہے پولیس کی خالی آسامیوں پر سفارشی اور رقم کے عوض بھرتیوں کے فارمولے طے ہونے کے باعث میرٹ کی دھجیاں اڑا دی گئی ہیں ہزاروں امیدوار پریشانی کیساتھ شدید تذبذب کا شکار ہیں۔