|

وقتِ اشاعت :   September 16 – 2020

بیلہ: لسبیلہ میں ملیریا کے کیسز میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے، عوام مچھردانی کا استعمال کریں اور بخار محسوس ہونے پر بروقت قریبی ہیلتھ سینٹر میں علاج معالجے کے لئے رابطہ کریں،ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لسبیلہ ڈاکٹر آصف انور شاہوانی نے جام یوسف آباد ڈنڈا بیلہ میں محکمہ صحت لسبیلہ، این آر ایس پی اور پی پی ایچ آئی کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقد کئے جانے والے ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ محکمہ صحت لسبیلہ عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، لوگوں کو چاہئے کہ وہ احتیاطی تدابیر اپنائیں تاکہ صحت مند رہ سکیں کیونکہ ان دنوں میں لسبیلہ میں ملیریا کے مریضوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے پیش نظر کوسٹل ہائی وے اور ڈنڈا بیلہ میں این آر ایس پی کے اشتراک سے فری میڈیکل کیمپس لگائے گئے آج جام یوسف آباد ڈنڈا بیلہ میں منعقد کئے جانے والے میڈیکل کیمپ میں 32 مریضوں کا معائنہ کیا گیا۔

جن میں سے 25 کے ملیریا ٹیسٹ کئے گئے اور 15 افراد میں ملیریا پازیٹیو پایا گیا جبکہ مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی گئی میڈیکل کیمپ میں ڈپٹی ڈی ایچ او لسبیلہ یعقوب لاسی، ڈاکٹر ڈاکٹر قیوم بلوچ، ڈاکٹر عروسہ، این آر ایس پی کے امجد شاہ، ملیریا اسٹاف خلیل رونجہ، ایل ایچ وی ریحانہ، این آر ایس پی اور پی پی ایچ آئی کے اسٹاف نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔