تربت: مقتولہ شاہینہ شاہین کے ماموں معروف شاعر امجد رحیم نے کہاکہ شاہینہ شاہین کے قتل کو11دن گزرگئے ہیں مگر پولیس نامزدملزمان کاسراغ لگانے کے بجائے ہم سے ملزمان سے متعلق پوچھتاہے کہ آپ کے خیال میں ملزمان کہاں ہیں، افسوس کی بات ہے کہ ہمارے قاتل ہمیں کیوں کر بتائیں گے کہ وہ کہاں ہیں، یہ پولیس کاکام ہے کہ وہ ملزمان کا سراغ لگائے انہیں تلاش کرکے قانون کے کٹہرے میں لائے۔
انہوں نے کہاکہ پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے کہ ملزمان نامعلوم بھی نہیں ہیں بلکہ ہم نے انہیں مقدمہ میں نامزدکردیاہے ایک ملزم محراب گچکی ولد امین اللہ گچکی ہے جبکہ دوسرا ملزم سمیر ولد سعید اللہ ہے جوNRCCمیں گریڈ17کاملازم ہے جس کا مرکزی آفس ہری پورمیں ہے، پی ٹی سی ایل کالونی کے مکان میں جہاں وقوعہ ہواہے محراب اور سمیر دونوں الگ الگ کمروں میں اپنے فیملی کے ساتھ رہائش پزیرتھے۔
انہوں نے کہاکہ پولیس کی عدم دلچسپی کے خلاف گزشتہ کئی روز سے ہماری بھوک ہڑتالی کیمپ جاری ہے ہماری خواتین بھوک ہڑتال پر بیٹھی ہیں، کل جمعرات کے روزہماری احتجاجی ریلی ہے اگرپولیس کارویہ یہی رہا اورملزمان کو گرفتار کرنے میں مزید لیت ولعل سے کام لیا تو ہم آئندہ سخت لائحہ عمل اختیارکرنے پرمجبورہوجائیں گے۔