صحبت پور: سابق صوبائی وزیرخوراک میراظہارحسین خان کھوسہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ صحبت پور کیسکوکے عملے نے عوام کو جینامحال کردیاہے۔20/20گھنٹوں تک بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور50سے 51ڈگری سینٹی گریڈگرمی نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنادی۔کیسکوسب ڈویژن صحبت پور کے SDOاور انکے عملے نے بھتہ خوری کو پروان چڑھادیاہے۔
میٹرکے صارفین کو مختلف حربے استعمال کرکے کنڈہ سسٹم پر بجلی چلانے کیلئے مجبورکیاجاتاہے۔میٹرکے صارفین پر میٹرریڈرگھربیٹھے بھاری بل بھیج دیتے ہیں۔ظلم کی انتہاء جھونپڑی کے گھر والے صارف کو 40ہزارروپے کا بل تھمادیاہے۔غریب آدمی دربدرکی ٹھوکریں کھانے پرمجبورہے۔ان خیالات کا اظہارعلاقے کے معروف قبائلی شخصیت وسابق صوبائی وزیرمیراظہارحسین خان کھوسہ نے ڈسٹرکٹ پریس کلب صحبت پور میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاہے کہ کیسکو صحبت پور کی ظلم و زیادتیاں حدسے بڑھ گئی ہیں۔
آئے روز حیردین فیڈر،اظہارفیڈر،شاہی واہ فیڈر،جیانی فیڈر،خیرپورفیڈرکی بجلی بیس بیس گھنٹوں تک بند کردی جاتی ہے اور انہی علاقوں میں تو بجلی کانام ونشان بھی نہیں ہے۔شدیدگرمی،51ڈگری سینٹی گریڈٹمپریچراورمچھروں کی یلغارسے مریض، بوڑھے اور بچے بلبلہ اُٹھتے ہیں۔بے آرامی اور سکون نہ ہونے کی وجہ سے لوگ ذہنی پریشانی کا شکارہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ یہی گریڈاسٹیشن نصیرآباد اور جعفرآباد کے بعض علاقوں کو بجلی فراہم کرتاتھا۔اب یہ اپنے ضلع کو بھی ٹھیک سے بجلی نہیں دے پارہے ہیں ظلم تو یہ ہے کہ صحبت پور سٹی میں سیدمیہرشاہ محلہ،گولہ محلہ،ستمانی محلہ اورزہری محلہ کا ٹرانسفارمرگزشتہ پندرہ روزسے خراب ہے مگر اسے ابھی تک ٹھیک نہیں کیاگیا اور وہاں کے لوگ سخت اذیت کا شکارہیں۔
میراظہارحسین خان کھوسہ نے کہاکہ واپڈاصحبت پور کاعملہ چکی مالکان، آئس فیکٹریز،اورایئرکنڈیشن والوں سے بھاری رقوم بھتہ لیکرانہیں بجلی سپلائی کرتے ہیں۔اورسارا بوجھ پھرغریب عوام پر ڈال دیتے ہیں۔اوریہی لوگ کنڈہ کلچرکو پروان چڑھاتے ہیں۔
میراظہارحسین خان کھوسہ نے وزیراعظم پاکستان عمران خان،وفاقی وزیرپانی و بجلی،اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سب ڈویژن صحبت پورکیسکو کے ایس ڈی او اور انکے کرپٹ لائن سپریٹنڈنٹس اور عملے کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے اور صحبت پورکے تمام فیڈرزمیں بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔بصورت دیگرہم سخت گیراحتجاج کرنے پر مجبورہونگے۔