تربت: ٹرانسپورٹ مالکان کے وفد کی اسسٹنٹ کمشنر تربت خرم خالد سے ملاقات، کرایوں میں کمی اور طلبہ و معذوروں کو خصوصی رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ کراچی اور کوئٹہ کے ٹرانسپورٹرز کی ایک وفد نے گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر تربت خرم خالد سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔ اے سی تربت نے ٹرانسپورٹ مالکان کو کرایوں میں کمی لا کر مسافروں اور طلبہ و معذوروں کو رعایت دینے کی ہدایت کی۔
انتظامیہ اور ٹرانسپورٹ مالکان کے درمیان تربت ٹو کراچی دو سو روپے جبکہ تربت ٹو کوئٹہ ایک سو روپے کمی لانے پر اتفاق کرتے ہوئے طلبہ کے لیے سات سو سے ایک ہزار روپے کرایہ جبکہ معذور افراد کو ففٹی پرسنٹ کرایہ کی مد میں رعایت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر تربت خرم خالد نے ٹرانسپورٹ مالکان کو دوران سفر ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف موثر جنگ لڑنے کے لیے ضروری ہے کہ ٹرانسپورٹ مالکان مسافروں کی صحت کا خصوصی خیال رکھیں۔ مسافروں کو ماسک پہننے کے ساتھ بس مالکان سنیٹائزر بھی رکھا کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر ایس او پیز پر عمل اور کرائیوں میں کمی نہیں کی گئی تو انتظامیہ سخت ایکشن لے گی۔