|

وقتِ اشاعت :   September 19 – 2020

ڈیرہ اللہ یار: نیشنل پارٹی کی مرکزی قیادت کا کہنا ہے کہ حقیقی جمہوریت کی بحالی اور ووٹ کی طاقت کو منوانے کے لیے تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہوگی پارلیمنٹ کی بالادستی غیر جمہوری قوتوں کا راستہ روکنا ہوگا رات کی تاریکی میں بنائی جانے والی پارٹیوں کے ذریعے عملی سیاسی جدوجہد کرنے والی جماعتوں کو دیوار سے لگانا ملکی مفاد کے خلاف اور جمہوریت پر شب خون کے مترادف ہے۔

ضلع کونسل ہال ڈیرہ اللہ یار میں نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر میر حاصل بزنجو کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل جان محمد بلیدی چیئرمین عبدالخالق بلوچ صوبائی نائب صدر و سابق صوبائی وزیر رحمت صالح بلوچ یاسمین لہڑی اسلم بلوچ ودیگر کا کہنا تھا کہ غیر جمہوری قوتیں اپنی بالادستی کو قائم رکھنے اور جمہوری قوتوں کے خلاف کھل کر برسرپیکار ہیں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر سیاسی جماعتوں کا راستہ روکا جارہا ہے حقوق کے حصول کا مطالبہ کرنے والوں کو لاپتہ کیا جارہا ہے مسلح گروپس کے ذریعے لوٹ مار اور قتل و غارت گیری پھیلائی گئی ہے۔

میر حاصل بزنجو نے انہی قوتوں کے خلاف مسلسل جدوجہد کرتے ہوئے متوسط طبقے کے حقوق کی جنگ لڑتے ہوئے ثابت کیا ہے کہ نظریاتی اور فکری لوگ کسی بھی دباو کو خاطر میں لائے بغیر اپنے موقف پر ڈٹے رہتے ہیں جس طرح عام انتخابات میں جمہوری جماعتوں کا راستہ روکا گیا اسی طرح سینیٹ الیکشن اور اب نئے قانوسازی میں بھی وہی طریقہ اپنایا گیا ہے طاقتور قوتیں ہر حال میں اپنے مفادات کا تحفظ چاہتی ہیں۔

اور عوام کی طاقت کو کچلنے کے لیے نام نہاد پارٹیوں کا سہارا لیا جارہا ہے انکا کہنا تھا کہ نیشنل پارٹی میر غوث بخش بزنجو اور میر حاصل بزنجو کے نظریات اور انکے افکار کو کسی صورت فراموش نہیں کرستی اور نہ ہی کسی دباو میں آکر غیر جمہوری قوتوں کا ساتھ دے گی مقررین نے کہا کہ وسائل کی لوٹ مار اور اختیارات پر قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کرینگے اصل طاقت عوام ہیں اور عوامی طاقت کے بل بوتے پر جدوجہد جاری رکھیں گے۔

بلوچستان میں ظلم جبر اور استحصال کے خلاف آواز بلند کرنے والوں کو لاپتہ کیا جارہا ہے اور کہا جاتا ہے کہ ریاست ماں ہے ریاست صرف اہل اقتدار کی ماں نہیں ہم سب کی ماں ہے ماں کے ایک بیٹوں کو لاپتہ کرنا دوسروں کو اقتدار کے مسند پر بٹھانا انصاف نہیں ہے۔

تعزیتی ریفرنس سے نیشنل پارٹی جعفرآباد کے صدر محمد نعیم کھوسہ صحبت پور کے صدر دوران خان کھوسہ کامریڈ رفیق کھوسہ جماعت اسلامی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری عبدالمجید بادینی مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی ودیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے میر حاصل بزنجو کی سیاسی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کی۔