حب: صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ حب شہر کے مسائل حل کرنے اور شہری ترقی پر 40کروڑروپے کا ترقیاتی پیکج وزیر اعلیٰ کو منظوری کیلئے دیا گیا ہے اس کیلئے حب شہر کے چاروں اطراف میں سڑکوں کا جال بچھا یا جارہا ہے جس میں موجودہ حب بائی پاس کے علاوہ تین بائی پاس تعمیر کئے جائینگے گڈانی میں سڑکوں واٹر سپلائی پر 6کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔
ساکران کانٹو برج تعمیر ہو رہا ہے حب اور مضافاتی علاقوں میں بجلی کی فراہمی کیلئے Kالیکٹرک کو 15کروڑ روپے جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ حب شہر کی خوبصورتی کے منصوبے پر بھی عملدرآمد ہو رہا ہے حب نالے کو کور کرنے کے منصوبے پر ابتدائی لاگت کے15کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جبکہ اس منصوبے میں مزید توسیع کی جائے گی اور منصوبے کی لاگت 37کروڑ روپے تک پہنچ سکتی ہے جنگی گوٹھ کو حب شہر سے ملانے کیلئے 4کروڑ روپے کی لاگت سے برج بنائی جارہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز اپنے دورہ حب کے موقع پر بھوتانی ہاؤس آنے والے مختلف سیاسی وقبائلی عمائدین سیاسی ورکرز اور معززین علاقہ کے وفود سے خطاب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا سردار محمد صالح بھوتانی نے سیاسی وقبائلی شخصیات عثمان کوہ بلوچ اور میر صفدرخان مگسی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عصرانے مٰں بھی شرکت کی صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے مزید کہاکہ ہم ترقی کے سفیر ہیں۔
اور عوام خدمت ہمارا نصب العین ہے ہم اپنے سیاسی وقبائلی رفقاء اور حلقہ انتخاب و احباب کی بلا امتیاز خدمت پر یقین رکھتے ہیں لسبیلہ کے عوام ہی ہماری طاقت کا سر چشمہ ہیں اور ہم مسخن یار لوگ ہیں اپنے سیاسی وقبائلی ہم سفر دوستوں کے قدردان ہیں انھوں نے کہاکہ حلقے کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کر کے ہمیں جس منصب کیلئے منتخب کیا اور جو دوست ہمارے سیاسی ہم سفر بنے ہیں ہم انکی توقعات اور امیدوں پر پورا اُترنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اور انشاء اللہ وہ ہمیں کسی بھی مشکل میں خود سے دور نہیں سمجھیں گے اور ہرپریشانی اور مصیبت کی گھڑی میں عوام کے درمیان میں رہتے ہیں کیونکہ لسبیلہ کے عوام سے ہمارا ووٹ کا نہیں بلکہ خلوص اور محبت کا رشتہ ہے سردار بھوتانی نے کہاکہ صوبائی حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے ہم اپنے حلقہ انتخاب اور احباب کے مسائل کے حل کیلئے ہر وقت کوشاں رہتے ہیں اور کوشش یہی ہوتی ہے کہ اپنے عوام کی امیدوں اور اُمنگوں پر پورا اُتریں سردار محمد صالح بھوتانی نے کہاکہ حب شہر کے مسائل حل کرنے اور شہر سے ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کی خاطر حب بائی پاس کا منصوبہ شروع کیا گیا۔
تاہم منصوبے میں متعلقہ سرکاری محکمے کی کوتاہی ہوئی جس پر نوٹس لینے کے بعد اب پھر سے سڑک کی تعمیر کاکام شروع ہو اہے اور امید ہے کہ جلد مکمل کرلیا جائے گا اسکے علاوہ ویسٹرن بائی پاس کا منصوبہ جاری ہے جبکہ ایسٹرن بائی پاس کا منصوبہ بھی منطور کرالیا گیا ہے جس پر 34کروڑ روپے لاگت آئے گی اس کے علاوہ سدرن بائی پاس کا 11کلو میٹر کا منصوبہ 35کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔
انھوں نے بتایا کہ 15کروڑ روپے کی لاگت سے حب نالہ کو کور کرنے کی گنجائش ہوگی جنگی گوٹھ کو حب شہر اور مینRCDہائی وے سے ملانے کیلئے برساتی نالے پر 4کروڑ روپے کی لاگت سے برج کی تعمیر کا منصوبہ بھی اسی سال شروع کر کے مکمل کیا جائے گا جبکہ حب ساکران اور گڈانی میں بجلی کی فراہمی کیلئے Kالیکٹرک کو 15کروڑ روپے فراہم کر دیئے گئے ہیں ان منصوبوں پر بھی عنقریب عملدرآمد شروع ہو گا۔
حب شہر کے مختلف علاقوں پاٹھڑہ،غریب آباد،امیر آباد اور گلیکسی ٹاؤن و ملحقہ علاقوں میں فراہمی آب نوشی کے منصوبوں کیلئے 6کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں انھوں نے کہاکہ لوکل گورنمنٹ کے اداروں کے فندز سے جام کالونی سمیت حب شہر کے مختلف علاقوں مٰن نکاسی آب اور گلیوں کی پختگی کے منصوبے بھی شروع کئے جارہے ہیں جس سے شہری مسائل حل ہونگے چیزل آباد اکرم کالونی روڈ کی تعمیرات 10کروڑ روپے سے کی جارہی ہے۔
سوبائی وزیر سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ ان ترقیاتی منسوبوں کے علاوہ انھوں نے حب شہر کیلئے 40کروڑ روپے کا ایک ترقیاتی پیکج منظوری کیلئے وزیر اعلیٰ جام کمال خان کو دیا ہے جبکہ حب شہر کی خوبصورتی سمیت شہر کی اندرونی سڑکوں گلیوں کی پختگی نکاسی آب نوشی اسٹریٹ لائٹس اور شہر کی صفائی ستھرائی کے حوالے سے اقدامات سے بہتری آئے گی۔
انھوں نے کہا کہ ساکران میں کا نٹو برچ کی 3کروڑ روپے سے تعمیر سمیت ساکران کی مختلف یوسیز میں 3کروڑ روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی منصوبے رکھے گئے ہیں انھوں نے کہاکہ یہ ترقیاتی منصوبے اسی سال شروع کر کے مکمل کئے جائیں گے۔