بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل نے آج ہونے والی اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اختر مینگل طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے حزبِ اختلاف کی اے پی سی میں شرکت نہیں کریں گے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ سردار اختر مینگل کی جانب سے بی این پی کا وفد اپوزیشن کی اے پی سی میں شرکت کرے گا۔
دوسری جانب بی این پی (مینگل) کے رہنما اسرار اللّٰہ زہری کا کہنا ہے کہ فلائٹ نہ ہونے کی وجہ سے اسلام آباد نہیں پہنچ سکا، تاہم اپوزیشن کے مؤقف کو میری تائید حاصل ہے۔
اس سے قبل جماعتِ اسلامی نے حزبِ اختلاف کی آج ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرنے سے انکار کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سینٹیر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اپوزیشن کی اے پی سی میں شریک نہیں ہو گی، اے پی سی کا ایجنڈا ہی کچھ لوگوں کے ذاتی مفادات کے گرد گھومتا ہے۔