|

وقتِ اشاعت :   September 20 – 2020

تربت: تربت میں نان کسٹم پیڈ کابلی گاڑیوں کی ممکنہ پکڑ دھکڑ کے حوالے سے آل پارٹیز کیچ کے وفد کی ڈپٹی کمشنر کیچ میجر محمد الیاس کبزئی سے ملاقات۔میونسپل کارپوریشن تربت میں ڈیلی ویجز خاکروبوں کی برطرفی کے بعد شہر میں صفائی کی صورت حال اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے چیک پوسٹوں پر تلاشی اورہتک آمیز رویے کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی گئی۔

آل پارٹیز کیچ کے وفد نے بی این پی کے رہنما سید جان گچکی کی قیادت میں ہفتے کے روز ڈپٹی کمشنر کیچ میجر محمد الیاس کبزئی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد نے کسٹم کی طرف سے گوادر کے بعد ضلع کیچ میں نان کسٹم پیڈ کابلی گاڈیوں کی ممکنہ پکڑ دھکڑ کے حوالے سے اپنے خدشات اور تحفظات پیش کیئے۔ وفد نے کہا کہ اس وقت پورے ضلع میں سواریاں نان کسٹم پیڈ گاڈیاں ہیں۔

جو عام لوگوں کے علاوہ سرکاری افسران کے بھی زیر استعمال ہیں حتی کہ ایک سے دوسرے علاقے اور سٹی میں آنے جانے اور اسکول میں بچوں کو لے جانے والی گاڈیاں بھی یہی ہیں ان کے زریعے ہم اپنے مریضوں کو ہسپتال تک لے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ گاڈیاں دبئی پورٹ سے کراچی تک آتی ہیں اور یہاں پہ ٹیکس فری افغانستان کے راستے دوبارہ پاکستان لائی جاتی ہیں۔

اس دوران سیکڑوں چیک پوسٹ اور چوکیاں کراس کی جاتی ہیں درجنوں اداروں کے سامنے سے گزر کر ہم تک پہنچتی ہیں جبکہ عام لوگ نا ان گاڈیوں کو چوری کرتے ہیں اور نا ہی بندوق کی نوک پر کسی سے چھین لیتی ہیں بلکہ باقاعدہ قیمت ادا کر کے خرید لیتی ہیں جو ایک طرح سے قانونی عمل ہے۔کابلی گاڈیوں کی شوروم چمن سے لے کر پورے بلوچستان میں ہیں لیکن وہاں ان پہ کوئی گرفت نہیں کسٹم پیڈ کے نام پر قیمت ادا کر کے خریدی گئی گاڈیاں ہم سے ضبط کرنا سمجھ سے باہر ہے لہذا ڈپٹی کمشنر اس معاملے میں کسٹم حکام اور اداروں سے بات کر کے کوئی حل نکالے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیچ میجر محمد الیاس کبزئی نے وفد سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے میں پہلے سے ہی تگ و دو کررہے ہیں اور ان کی پوری کوشش ہے کہ ضلع کیچ میں ایسی کوئی کاروائی نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ وہ مذید اس بارے میں کسٹم، ایف سی اور متعلقہ اداروں سے بات کریں گے اور ان کی یہ مکمل کوشش ہوگی کہ تربت میں کابلی گاڈیوں کی ضبطگی نہ ہو انہیں یقین ہے کہ ایسا نہیں ہوگا۔

انہوں نے مذید کہا کہ اگر ان کی کوششیں ثمر آور نہ ہوئیں تو پھر بھی یہاں سے منتخب صوبائی وزراء اور عوامی نمائندوں سے بات کر کے آسان اور قابل قبول راستہ نکالنے کی کوشش کریں گے اور اس معاملے میں آل پارٹیز کو بھی آگاہ کریں گے۔آل پارٹیز کے وفد نے میونسپل کارپوریشن تربت سے خاکروبوں کی برطرفی کے بعد شہر میں صفائی کی صورت کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے اس معاملے میں ایکشن لینے اور سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں اور چوکیوں پر شہریوں کو موٹر سائیکل۔

رجسٹریشن اور تلاشی کے زریعے تنگ کرنے کی شکایت بھی کی اور مطالبہ کیا کہ ایف سی حکام سے اس بارے میں بات چیت کی جائے جس پر ڈپٹی کمشنر کیچ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس پر ضرور بات کریں گے۔ آل پارٹیز کے وفد میں کیچ سول سوسائٹی اور انجمن تاجران کے نمائندے بھی شامل تھے۔