تربت: آئی جی ایف بلوچستان ساؤتھ میجر جنرل سرفراز علی کی جانب سے ایف سی ہیڈ کوارٹر تربت میں ایک بڑے جرگہ کا انعقاد کیا گیا کہ جس میں مکران کے مختلف اضلاع سے عمائدین نے شرکت کی جن میں پنجگور، تربت، زامران، بلیدہ، پروم سے اکابرین اور کاروباری شخصیات شامل تھے۔ ملاقات کے دوران آئی جی ایف سی کا کہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیح غریب بلوچ عوام کے کاروبار کو محفوظ بنانا ہے۔
اور اس حوالے سے ایف سی کی کاوشیش جاری رہیں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمسایہ ملک سے کاروبار کے لیے جو گاڑیاں استعمال کی جاتی ہیں ان کی رجسٹریشن لازمی ہے جو کہ ان مخصوص جگہوں سے کروائی جائے جہاں پر مقامی رجسٹریشن سینٹرز بنائے گئے ہیں۔ گفتگو کے دوران انہوں نے سول ایڈمنسٹریشن کی کاروباری طبقہ کے لیے کاوشوں کو بھی سراہا۔ آئی جی ایف سی کا مزید کہنا تھا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے نہیں دیا جائے گا۔
جو لوگ دہشت گردوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں ان سے بھی سختی سے نمٹا جائے گا۔ حاضرین کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے آئی جی ایف سی کا کہنا تھا کے بے روزگاری بدقسمتی سے ہمارے خطے کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور اس کے حل کے لیے ایف سی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مقامی نوجوانوں کے لیے ایف سی میں بھرتی ہونے کے لیے بہت سی چھوٹ اور خصوصی رعایت دی گئی ہے تاکہ غیور بلوچ جوان وطن عزیز کی حفاظت اور خدمت اور باعزت روزگار کے سنہری موقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اْٹھا سکیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے مطلع کیا کہ کیچ، مکران کے طلبہ کے لییجلد آن لائن ایجوکیشن کا سلسلہ بھی شروع کیا جارہا ہے جس سے نوجوانوں کو گھر بیٹھے روزگار ملے گا۔ اس موقع پر عمائدین نے ایف سی کی کاوشوں کو سرہاتے ہوئے کہا کہ ایف سی کی مخلصانہ کاوشیں اور قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور آئی جی ایف سی کی بلوچ عوام سے محبت سب پر عیاں ہے۔