|

وقتِ اشاعت :   September 23 – 2020

کوئٹہ: قومی احتساب بیورو بلوچستان نے مرغہ ذکریا ذئی ٹو پشین سڑک کی تعمیر کے منصوبے میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات مکمل کر کے ریفرنس احتسا ب عدالت کوئٹہ میں دائر کر دیا ہے، 28 کلو میٹر طویل سڑک کے منصوبے میں محکمہ بی اینڈ آر کے افسران اور ٹھیکیدار کی جانب سے قومی خزانے کو تقریبا 5 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا، منصوبے کی رقم کی ادائیگی کے باوجود منصوبہ 11 سال کے بعد بھی پایہ تکمیل تک پہنچایا نہ جا سکا۔

تفصیلاات کے مطابق نیب بلوچستان کو مرغہ ذکریا ذئی ٹو پشین سڑک کی تعمیر کے منصوبے میں کرپشن کی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ محکمہ بی اینڈ آر کے ایکسین عبدالرحمان، فیض اللہ اور فاروق ترین نے ابتدائی طور پر 16 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے منصوبے میں تین مرتبہ تجدید کے بعدمنصوبے کو257 ملین تک پہنچایا۔

ملزمان نے ذاتی مفادات کے حصول کے لئے تینوں مرتبہ محمد بخش شاہوانی نامی ٹھیکیدار کو بغیر ٹینڈر کے سڑک کی تعمیر کا ٹھیکہ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ ٹھیکیدار کو منصوبے کی مد میں پیشگی ادائیگی کی گئی، جبکہ منصوبہ تا حال پایہ تکمیل تک نہ پہنچا یا جا سکا ہے۔ملزمان کے خلاف قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے اور نا قابلِ تردید ثبوتوں کی روشنی میں نیب بلوچستان نے احتساب عدالت کوئٹہ میں ریفرنس جمع کر ادیا ہے۔