|

وقتِ اشاعت :   September 23 – 2020

ڈیرہ مراد جمالی: نصیرآباد کے سیاسی وقبائلی شخصیت میر شوکت بنگلزئی کی کال اور قیادت میں ڈیرہ مراد جمالی سے گزرنے والی قومی شاہراہ و سیوریج لائن کی تباہ حالی شہری و علاقائی بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف ایک بہت بڑی ریلی و جلسہ کا انعقاد شہر میں مکمل شٹر ڈاون ٹائر جلا کر سندھ بلوچستان قومی شاہراہ کو بلاک کردیا گیا ہزاروں مظاہرین کا دھرنا، مسائل کے حل تک احتجاج کو جاری رکھنے سمیت کوئٹہ و اسلام آباد تک دھرنا دینے کا اعلان۔

ریلی کے شرکاء میں بابو میر واحد بخش بنگلزئی، میر امجد خان بنگلزئی، میر امداد اسلم بنگلزئی، صاحب خان ابڑو، میر عبدالقدیر بنگلزئی، حاجی شیر محمد عرف شیرا کھیازئی، خان جان بنگلزئی، وڈیرہ عرض محمد عمرانی، خلیل احمد بنگلزئی، عابد بنگلزئی، محمد یونس بوہڑ، ریاض جان سیال اور عبدالرحیم لہڑی سمیت دیگر علاقائی معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، ریلی و جلسہ سے میر شوکت بنگلزئی، میر محمد بلال عمرانی، میر محمد وارث ابڑو، میر جمیل مینگل، حاجی رحمت اللہ بنگلزئی، رشید بلوچ، حافظ سعید احمد بنگلزئی، ڈاکٹر غلام سرور بلوچ، میر غلام حسین عرف سبزل خان رند، اور تاج بلوچ سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ مراد جمالی شہر اور علاقے کی عوام کے حقوق لے کر رہینگے شہر سے گزرنے والی قومی شاہراہ کی زبوں حالی کے سبب کئی حادثات پیش آئے۔

جس کے سبب جانی و مالی نقصانات آج بھی جاری ہیں بازار سمیت شہر بھر میں تباہ حال سیوریج سسٹم اور لنک سڑکوں کی خستہ حالی کے سبب ہر کوئی بری طرح متاثر ہے، شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں پینے کا صاف پانی بھی عوام کو دستیاب نہیں پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کی ٹوٹی ہوئی لائنوں کے سبب گٹر ملا پانی عوام کو سپلائی کیا جارہا ہے مشرقی یونین کونسل میں تو گیس نام کی کوئی چیز ہی نہیں 2010 اور 2012 کے تباہ کن سیلابوں سے آج تک گیس لائنوں کو مرومت یا تبدیل تک نہیں کیا گیا۔

صوبے اور ملک کے ہر چھوٹے بڑے شہروں کو بائی پاس دیا گیا لیکن بلوچستان کے اہم گرین بیلٹ نصیرآباد کے ڈویزنل و ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر شہر ڈیرہ مراد جمالی قومی شاہراہ بائی پاس سے محروم ہیں انہوں نے کہا ڈیرہ مراد جمالی کے شہری اپنی جائیداد کی الاٹمنٹ مالکانہ حقوق سے آج بھی محروم ہیں لوگوں کو اپنے پیاروں کو دفنانے کے لئے قبرستانوں میں جگہ نہیں انہوں نے کہا ڈیرہ مراد جمالی شہر کی عوام اپنے حقوق کے حصول کے لئے آج کی اس تاریخی احتجاجی ریلی جلسہ میں شرکت کرکے۔

ایک عوامی سیلاب کی صورت میں متحد ہو کر غیرت مند اور باشعور شہری ہونے کا ثبوت دیا ہے عوام کی ہر خوشی غم میں ان کے ساتھ ہیں شہری مسائل کے حل تک احتجاج کو جاری رکھا جائے گا کوئٹہ اسلام آباد تک دھرنا دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔