|

وقتِ اشاعت :   September 24 – 2020

کوئٹہ: قومی احتسا ب بیورو بلوچستان نے صوبے کی تاریخ کے سب سے بڑے فراڈ تھری الائنس کیس کے ایک اور ملز م احمد جان کو کوئٹہ سے گرفتار کر لیا ہے، ملزم لورالائی کے سینکڑوں لوگوں سے منافع کے جھانسہ پر کروڑوں روپے وصول کر کے روپوش تھا، ڈی جی نیب بلوچستان کی ہدایات پر مرکزی ملزم کاشف قمر کی گرفتار ی کے لئے کوششیں جاری ہیں۔

واضح رہے نیب بلوچستان کو بڑی تعداد میں شکایات موصول ہوئیں، جن میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ 3A الائنس نامی کمپنی کے مالک کاشف قمر اور اسکے کاروباری پارٹنرز مختلف اوقات میں کاروبار میں منافع بخش سرمایہ کاری کا جھانسہ دیکر سادہ لوح عوام سے اربوں روپے لوٹ کر فرار ہو گئے ہیں۔نیب کو ملنے والی شکایات اور ابتدائی چھان بین سے پتہ چلا کہ 3A الائنس نامی کمپنی نے کوئٹہ سمیت اندرونِ بلوچستان اور سندھ کے چندشہروں میں اپنے دفاتر بنا کر عوام سے اربوں روپے سرمایہ کاری کی مد میں وصول کئے، سرمایہ کاری کرنے والوں کو کچھ عرصہ منافع کی رقم بھی دیتے رہے۔

لیکن اچانک تمام دفاتر بند کر کے روپوش ہو گئے۔عوام الناس کی جانب سے شکایات موصول ہونے پر ڈی جی نیب بلوچستان نے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے تھری الائنس کمپنی کے خلاف فوری تحقیقات کا حکم دیا۔نیب بلوچستان انٹیلی جینس ٹیم کی مسلسل نگرانی اور ممکن گرفتاری سے بچنے کیلئے نیب کو کیس میں مطلوب ایک اہم ملزم ندیم جگا نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دی جسے معزز ہائی کورٹ کے جج کی جانب سے خارج ہونے پرگرفتار کرکے جوڈیشل کردیا گیا۔

بعد ازاں قومی احتساب بیورو بلوچستان نے عوام الناس سے فراڈ کیس میں جاری تحقیقات مکمل کر تے ہوئے مرکزی ملزم کاشف قمر سمیت 11 افراد کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں کیس دائر کردیا۔کیس کا مرکزی ملزم کاشف قمر تاحال روپوش ہے، تاہم مرکزی ملزم کی جلد ازجلد گرفتار ی کے لئے سر توڑ کوششیں جاری ہیں۔

ڈی جی نیب بلوچستان نے کرپٹ عناصر کے خلاف نیب کی بھرپور کوششوں کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی لوٹی گئی رقم کی واپسی اور ملزمان کو قانون کی گرفت میں ہر صورت لایا جائے گا، عوام کے تعاون سے قومی وسائل کی چوری اور عوام الناس سے دھوکہ دہی کے مرتکب کرپٹ مافیا کو معزز عدالت میں اپنے قبیح افعال کا جواب دینا ہوگا۔