خضدار: خضدار میں بلدیہ پارک کی تزئین و آرائش، خوبصورت زاویے کے ساتھ تعمیراتی کام مکمل،شہریوں کے بیٹھنے کے لئے نشستوں کی تنصیب، واک کے لئے ٹف ٹائل، ہریالی سبزہ زار، اور فوارہ لگائے گئے ہیں، بہترین نظارہ کے ساتھ خضدار کے وسط میں قائم بلدیہ پارک خضدار کی خوبصورتی میں ایک اور اضافہ ہے۔
یہ متاثر کن کام میونسپل کارپوریشن خضدار کے چیف آفیسر نذر خان زہری اور اس کی پوری ٹیم کی گزشتہ کئی مہینوں محنت کا نتیجہ ہے کہ خضدار میں بلدیہ پارک کو ایک نئی رنگت ملی ہے اور شہریوں کو تفریح کا موقع میسر آیا ہے۔ کمشنر قلات ڈویڑن مدثر وحید ملک نے گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر خضدار عبدالمجید سرپرہ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار نذر خان زہری کے ہمراہ بلدیہ پارک خضدار کا دورہ کیا۔
اس کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا، اس موقع پر کمشنر قلات ڈویڑن مدثر وحید ملک کا کہنا تھا کہ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے خضدار شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے قابل ستائش اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں، یہ شہر مستقبل میں تجارتی و معاشی ترقی کے حوالے سے گیٹ وے ثابت ہوگا، خضدار شہر میں بلدیہ پارک کی تعمیر و مرمت اور اس کی تزئین وآرائش اور سبزہ زار میں نکھارآنے سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہواہے۔
شہریوں کو فارغ وقت میں تفریح کے لئے بہتر مواقع میسر آئینگے۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار وان کی ٹیم نے متاثر کن انداز میں محنت کی ہے اور شہریوں کے لئے بلدیہ پارک کی صورت میں ایک فیملی پارک کا قیام عمل میں لایا ہے، یقینا اس سے خضدار شہر کی خوبصورت میں اضافہ اور شہریوں کو فارغ وقت گزار نے میں سہولت میسر آئیگی۔ اس سے قبل چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار نذر خان زہری نے کمشنر قلات ڈویژن کو بلدیہ پارک کی تعمیر و مرمت تزئین و آرائش اور مستقبل میں اس میں اضافے کے حوالے سے بریفنگ دی۔