|

وقتِ اشاعت :   September 26 – 2020

 کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے پرائمری اسکولز کھولنے کی تاریخ میں 15 دن کی توسیع کا اعلان کر دیا۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنا شروع ہوگئے ہیں جس کے مدنظر رکھتے ہوئے پرائمری اسکولز کھولنے کی تاریخ میں مزید 15 دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے جن تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز مثبت آئے ان کو بند کر دیا گیا ہے اور اب بغیر ماسک کے تعلیمی اداروں میں داخل ہونے والوں کو جرمانے کیے جائیں گے۔

ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں تعلیمی ادارے 15 اکتوبر کو کھولنے کی تجویز پیش کریں گے۔

اس سے قبل سندھ حکومت نے بھی چھٹی سے آٹھویں کلاسوں کو 23 ستمبر کو دوسرے مرحلے میں کھولنے کے بجائے ایک ہفتہ مزید بند رکھنے کا اعلان کیا تھا تاہم اب سندھ حکومت نے بھی 28 ستمبر سے اسکولز کھولنے کا اعلان کر رکھا ہے۔