|

وقتِ اشاعت :   October 2 – 2020

کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ بلوچستان اپنے محل وقوع کے اعتبار سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ صوبے کے بہترین محل وقوع اور قیمتی وسائل و معدنیات ہمارے روشن مستقبل کیلئے موثر اور معتبر وسیلہ ہے۔گورنر یاسین زئی نے کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی معیار کے مطابق اور بروقت تکمیل سے عوام کیلئے کئی آسانی پیدا ہوگی۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں ڈاکٹر نواز خان ناصر کی قیادت دکی کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا کہ صوبے کی ترقی وخوشحالی کو مقدم رکھنے کیلئے ہمیں مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تعلیم، صحت، توانائی اور قومی شاہراہوں پر بھرپور توجہ مرکوز رکھنی ہوگی. عوامی معیار زندگی کی بلندی، صوبے میں موجود معدنی وسائل اور دیگر شعبوں میں بہتری لانے سے ہی مشروط ہے۔

وفد نے گورنر بلوچستان کو ضلع دکی کے عوام کو درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ترجیح بنیادوں پر تعلیم، صحت اور بجلی کی سہولیات فراہم کیا جائے اور دکی سے شاہراہ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔گورنر یاسین زئی نے ان کے مسائل کو غور سے سن لیا اور ان کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائیَ۔