|

وقتِ اشاعت :   October 2 – 2020

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے اثرات انسانی صحت کو متاثرکرتے ہیں، صاف ستھرا ماحول ایک صحت مند معاشرے کے لئے ناگزیر ہے، ماحول کی حفاظت ہم سب کا اجتماعی فرض ہے اور اس حوالے سے ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اپنے ماحول اور آب وہوا کو صاف رکھیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ تحفظ ماحولیات کے دورے کے موقع پر دی جانے والی بریفنگ کے دوران کیا۔

صوبائی وزیر مٹھا خان کاکڑ، سیکریٹری ماحولیات عبدالصبور کاکڑ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحفظ ماحولیات جہانگیر خان کاکڑ نے ادارے کی مجموعی کارکردگی، ماحول کے تحفظ کے اقدامات اور دیگر متعلقہ امور کے حوالے سے بریفنگ دی، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جن علاقوں میں صنعتی زونز قائم کئے جارہے ہیں۔

اس حوالے سے محکمہ صنعت کو ادارہ تحفظ ماحولیات سے این او سی لینے کا پابند کیا گیا ہے تاکہ صنعتی زونز ماحولیاتی آلودگی کا باعث نہ بنیں، انہوں نے صوبائی وزیر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کے اس حوالے سے اقدامات قابل ستائش ہیں جنہیں مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ گاڑیوں کا دھواں، کرش پلانٹس اور دیگر صنعتوں کے فضلات ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنتے ہیں۔

جن کے تدارک میں ادارے کا کردار کلیدی ہے، صنعتی فضلات کا نقصان نہ صرف انسانی صحت پر پڑتا ہے بلکہ جب اس فضلے کو سمندر یا دیگر آبی ذخائر میں بہایا جاتا ہے تو اس سے آبی حیات بھی متاثر ہوتی ہیں، انہوں نے کہاکہ ماضی میں ایسے محکمے جن پر توجہ نہیں دی گئی لیکن موجودہ حکومت ان کی افادیت اور اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان محکموں میں بہتری کے لئے خاطر خواہ اقدامات کررہی ہے تاکہ مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں فوڈ اتھارٹی کے قیام کا مقصد حفظان صحت کے اصول پر کارفرما ہونا ہے تاکہ عوام کو غیرمعیاری اور گندے پانی پر اگنے والی سبزیوں کے مضر اثرات سے دور رکھا جاسکے، انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام یقینا ہونے چاہئیں لیکن اس بات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے کہ اس کا اثر ماحولیاتی آلودگی کی صورت میں نہ ہو کیونکہ صاف اور شفاف آب وہوا ایک صحتمند معاشرے کی ضامن ہے۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے ادارے کی عمارت کا دورہ کرتے ہوئے ادارے کی لیبارٹری کا بھی معائنہ کیا جبکہ اس موقع پر ادارے کے ڈائریکٹر جنرل نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کو شیلڈ بھی پیش کی۔