|

وقتِ اشاعت :   October 2 – 2020

خضدار: خضدار میں بجلی کے بلز کی عدم ادائیگی، کیسکوں کی بڑے پیمانے پر کاروائی، خضدار میں 6فیڈرز بند، سینکڑوں کنکشنزمنقطع،و درجن بھر ٹرانسفارمرزغیر موثر کردیئے گئے، عوام بروقت بجلی کے بلوں کی ادائیگی کو ممکن بنا کر قانونی کارروائی سے بچنے کی کوشش کریں،ایکسین کیسکو خضدار سیف اللہ جاموٹ کا اعلامیہ۔ تفصیلات کے مطابق خضدار شہر و گردونواح اور تحصیلوں میں بلوں کی عدم ادائیگی کے خلاف کیسکوکی جانب سے کاروئیاں جاری ہیں۔

خضدار کی تحصیل نال میں چار فیڈرز، وڈھ میں دو فیڈرزبلوں کی عدم ادائیگی کے باعث بند کردیئے گئے، خضدار شہر میں سینکڑوں کنکشنز منقطع اور کھٹان لطیف آباد میں بجلی کی عدم ادائیگی کے باعث تیرہ ٹرانسفارمرز کوغیر موثر کردیا گیا، یہ کاروائیاں نادہندگان کے خلاف اسی طرح جاری رہیں گے،یہ تمام کاروائیاں ایکسین کیسکو خضدار سیف اللہ جاموٹ کی نگرانی اورفیڈرز ذمہ داران عبدالباسط بنگلزئی،عنایت اللہ میروانی کی موجودگی میں کیئے جارہے ہیں۔

ایکسین کیسکو خضدارسیف اللہ جاموٹ نیمیڈیا نما ئندوں سے با ت چیت میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ خضدار میں نادہندگان کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں، بروقت بقایاجات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے خسارہ بڑھتاجارہا ہے،قانونی کاروائی سے بچنے کے لئے شہری اپنے بلوں کی فوری اور بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ خضدار میں بجلی کی صحیح معنوں میں ترسیل کو ممکن بنایا جاسکے، خضدار میں فیڈر زکی پہلے سے کمی ہے جس کی وجہ سے بجلی کی سپلائی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

اگرشہر میں فیڈرز بڑھ جائیں تو نہ صرف شہر میں بجلی کی سپلائی میں مذید بہتری آئیگی بلکہ اس سے مراکز ِ صحت و دیگر قومی محکمہ جات میں بجلی مکمل دینے میں سہولت میسرآئیگی۔ ایکسین کیسکو خضدار سیف اللہ جاموٹ کا کہنا تھاکہ ہماری کبھی یہ خواہش نہیں ہوتی ہے کہ صارفین کو بجلی سے محروم کردیں تاہم کیسکو کی پالیسی اور خسارہ سے بچنے کے لئے مجبوراً یہ اقدام اٹھانا پڑرہاہے۔

اس لیئے صارفین پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قانونی کاروائی سے بچنے کے لئے اقساط اور بلوں کی ادائیگی کو یقینی بنا کر ہمارے ساتھ تعاون کریں،انہوں نے کہاکہ خضدار میں پہلے سے فیڈرز کی کمی ہے جس کی وجہ سے مطلوبہ ہدف کے مطابق بجلی کی سپلائی میں مشکلات پیش آرہی ہیں اگر شہر میں فیڈرز میں اضافہ ہوگا تو بجلی کی سپلائی میں مذید بہتری آئیگی اور لوڈ شیڈنگ پر بھی قابو پاسکیں گے۔