|

وقتِ اشاعت :   October 3 – 2020

کوئٹہ: کسٹم اور ایف سی حکام نے کہا ہے کہ بادینی ٹریڈ ٹرمینل پر تجارت کے حوالے سے عملی اقدامات کو یقینی بناکر بلوچستان کے تاجروں اور بزنس کمیونٹی کو سہولیات دی جاسکتی ہیں تمام ادارے ٹرمینل پر تاجروں کو امپورٹ، ایکسپورٹ کے حوالے سے سہولیات کی فراہمی کے لئے تیار ہیں کسٹم حکام نے اس حوالے سے اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے تمام اداروں کے حکام کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا تھا۔

یہ بات بادینی ٹریڈ ٹرمینل پر سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے مسلم باغ میں منعقدہ اجلاس سے کمانڈنٹ قلعہ سیف اللہ اسکاؤٹس کرنل طارق محمود،ڈپٹی کلیکٹر بادینی شمس الرحمان وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایف آئی اے، نیشنل بینک کے عہدیدار بابر اسسٹنٹ کمشنر مسلم باغ منیر درانی، چیمبر آف کامرس کے نائب صدر اختر باچا، ایف سی ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل شفقت گجر، بادینی کے قبائلی عمائدین، بزنس کمیونٹی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ بزنس کمیونٹی اور تاجروں کو امپورٹ، ایکسپورٹ کی پروسیسنگ کے بارے میں مکمل تفصیلات مہیا کی گئی ہیں۔

تا حال امپورٹ، ایکسپورٹ میں کون کونسے آئٹم لانے لے جانے کی اجازت ہے اور کس ایٹم پر کتنی ڈیوٹی چارجز عائد ہوگی اس کے بعد ہی امپورٹ، ایکسپورٹ کی اجازت دی جائے گی اور نیشنل بینک آف پاکستان کی جانب سے مذکورہ ٹرمینل پر عملے کی تعیناتی ہوچکی ہے۔

لیکن عملہ حاضر نہیں انہوں نے بتایا کہ ٹریڈ ٹرمینل کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ تمام ٹریڈرز متعلقہ ادارے اپنے عملے اور سامان کے ساتھ وہاں پر موجود ہوں تاکہ مذکورہ ٹرمینل سے بلوچستان کے تاجروں، بزنس کمیوٹی اور کاروباری حضرات کو اس سہولت سے فائدہ ہوسکے۔ انہوں نے بتایا کہ روڈ کی خستہ حالی کو بہتر بنانے کے لئے بہت جلد کام کا آغا زکیا جائے گا اور عارضی طور پر راستے کو ہموار بنانے کے لئے گریڈرز چلا کر ٹریفک کی آمدو رفت کو یقینی بنایا جائے۔