|

وقتِ اشاعت :   October 4 – 2020

خضدار: بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر رہنماء سابق ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمد درانی نے کہاہے کہ عوام نے پسماندگی اور غربت کے طویل دور کو پرکھنے کے بعد اب سابق روایتی جماعتوں سے مایوس ہو کر مخلص جماعتوں کی جانب رجوع کررہے ہیں۔ماضی میں عوام کے ووٹ کی بڑے پیمانے پر بے توقیری کی گئی، عوام کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد پھر کبھی بھی عوام کی خبرنہیں لی گئی۔

اور نہ ہی ان کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی جامعہ حکمت عملی اپنائی گئی،یہی وجہ ہے کہ اب عوام میں کافی حد تک شعورو آگاہی آچکی ہے اور انہیں مخلص رہنماؤں کی پہچان ہے، اب عوام ماضی کے تجربے کو نہیں دھرائے گا ہم نے عوام کے مفادات کے تحفظ اور ان کی خوشحالی کے لئے جس عہد وپیمان کا اظہار کیا ہے اسے ہر صورت میں نبہانے کی کوشش کریں گے، جنوبی بلوچستان کے لئے آنے والا ایک سو چالیس ارب روپے یہاں کے عوام کی احساس محرومی کم کرنے میں بڑی مدد دیگی۔

عوام کے بنیادی و دیرینہ مسائل کا احاطہ کرکے انہیں حل کرنے کی کوششیں کی جائینگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء آغا شکیل احمد خضداری نے کہاکہ جب سے ہم نے سیاست میں قدم رکھا ہے اس روزِ اوّل سے عوام نے ہمیں بے حد پذیرائی دی ہے اور ہم نے بھی بلا تفریق عوام کے مفادات کے لئے اقدامات اٹھائے انہیں حل کرنے کی کوشش کی اور کردار نبہایا ہے۔

ہماری سیاسی کامیابیوں کا سلسلہ آئندہ بھی اسی طرح جاری و ساری رہیگا، ہماری سیاست کا مرکز و محور یہاں کے غریب عوام ہے ہماری خواہش ہے کہ دستیاب وسائل کے اندررہتے ہوئے عوام کے تمام بنیادی مسائل حل کریں، پینے کے صاف پانی، صحت، تعلیم اور دیگر تمام شعبوں میں ان کو سہولیات دیں،ہمارااس فلاحی پروگرام پر سفر کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور انشاء اللہ منزل پر ضرور پہنچ جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ کئی دھائیوں سے یہاں سے جن جماعتوں نے کامیابی حاصل کی انہوں نے کبھی بھی پھر عوام کے مسائل کے حل میں دلچسپی نہیں لی اور نہ ہی اس کی ضرورت ان کو محسوس ہوئی، اس لیئے ہم کہتے ہیں کہ یہاں ہمیشہ عوام کے ووٹ کی بے توقیری کئی گئی ہے۔ اب عوام میں شعورو آگاہی آچکی ہے اور وہ اپنے دوست و دشمن کی پہچان رکھتے ہیں۔

خضدار سمیت تمام علاقوں میں تبدیلی کا فیصل ہوچکا ہے اور اب عوام سوچ و سمجھ کر اپنے رہنماؤں کا انتخاب کرنے میں غلطی نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی بلوچستان کے لئے منظور ہونے والے پیکج سے یہاں کے عوام کو بہت بڑا ریلیف ملیگا اور بنیادی مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی، اور احساس محرومی کو کم کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔