|

وقتِ اشاعت :   October 4 – 2020

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کی کابینہ کا اجلاس اتوار کو صوبائی حاجی علی مدد جتک کی صدارت میں ”جتک ہاؤس“ کوئٹہ میں منعقد ہوا اجلاس میں بلوچستان میں پارٹی کی فعالیت و تنظیم سازی اور 11اکتوبر کو کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی،ں صوبائی نائب صدور میر مولا بخش گورگیج،شیخ بلال مندوخیل،میر اکبر بنگلزئی،ڈپٹی جنرل سیکرٹریز شریف خان خلجی،حاجی خان محمد بڑیچ،ڈپٹی اطلاعات سیکرٹریز حفیظ الملک مینگل،سردار ثناء اللہ ابابکی۔

ریکارڈ سیکرٹری علی جان ہزارہ،صوبائی میڈیا کوآرڈینیٹر حیات خان اچکزئی اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی علی مدد جتک،سید اقبال شاہ،سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے تحریک کے اعلان نے حکمرانوں کے صفوں میں کھلبلی پیدا کردی ہے ابھی تک پہلے جلسہ عام میں ایک ہفتہ باقی ہے صوبائی اور وفاقی حکومتیں حواس باختہ ہوکر پی ڈی ایم کے قائدین کے خلاف منفی اور جھوٹے پروپیگنڈے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اسوقت شدید معاشی بحران کا شکار ہے۔

اور حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف باتیں کرنے والے آج خود چینی،آٹا چوروں کی تحفظ فراہم کرنے میں مصروف ہیں اور رات کی تاریکی میں چینی چو ر اور کورونا وائرس کے دوران قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے والوں کو ملک سے فرار کرادیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے موجودہ نا اہل اور سلیکٹڈ حکمرانوں سے عوام کو نجات دلانے کا فیصلہ کرلیا اور 11اکتوبر سے کوئٹہ میں ہونے والے احتجاجی جلسہ عام سے حکومت مخالف تحریک کا اعلان کیا ہے جس کے بعد سے وفاقی اور صوبائی وزراء اورانکے کرایے کے ترجمان دن رات آسمان سر پر اٹھایا ہوا ہے۔

اور پی ڈی ایم کے قائدین کے خلاف جھوٹی اور من گھڑت کہانیاں بنانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام موجودہ حکمرانوں کے اصل چہرے پہچان چکے ہیں اورا ن سے نجات چاہتے ہیں کوئٹہ میں 11اکتوبر کو ہونے والا جلسہ حکومت کے خاتمے کے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا جس میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے مرکزی اور صوبائی قائدین شرکت کریں گے۔