|

وقتِ اشاعت :   October 4 – 2020

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ملک بلخصوص بلوچستا ن کو مسائل کی دلدل سے نکال کر انکے آئینی، جمہوری حقوق فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، 11اکتوبر کو پارٹی کے تمام کارکن کوئٹہ کے جلسے میں بھر پور انداز میں شرکت کر کے جلسے کو کامیاب بنائیں،نا اہل حکومت جتنی بھی کوشش کر لے وہ کوئٹہ کے جلسے کو پی ڈی ایم اتحاد کو ناکام نہیں بنا سکتی۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو پشین میں منعقدہ ورکر تربیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر مسلم لیگ(ن) ضلع پشین کے صدر سعد اللہ ترین، نصیر خان اچکزئی، ضلع قلعہ عبداللہ کے صدر وارث اچکزئی، نثار اچکزئی،شکیب علیزئی، شاکر محمد حسنی، نسیم اچکزئی، عبدالوہاب اٹل بھی موجود تھے، جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ نا اہل حکومت نے ملک میں مہنگائی۔

بے روزگاری، معاشی بدحالی،بد امنی جیسے تحفے تبدیلی کی صورت میں دیئے ہیں ملک بلخصوص بلوچستان کے عوام آج پریشانی سے دوچار ہیں پاکستان کو مسائل کے دلدل میں پھنسا دیا گیا ہے ملک میں کرپشن کا بازار گرم ہے حکومت کی بوکھلاہٹ کھل کر سامنے آچکی ہے انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس کی دعویدار حکومت کے دور میں کرپشن کی شرح میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

غیرجمہوری طریقے سے ملک کو ایک ایسے نظام کی طرف لیکر جایا جارہا ہے کہ جہاں پر صرف لاقانونیت، انتشار ہوگا لیکن مسلم لیگ (ن) نے پہلے بھی پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور آئندہ بھی کریگی۔