|

وقتِ اشاعت :   October 5 – 2020

کراچی: متعدد خواتین سے شادیاں کرکے دھوکا دینے والے شخص پر اس کی ایک بیوی نے احاطہ عدالت میں ہی تھپڑ رسید کردیے۔

کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں  دھوکے سے متعدد خواتین سے شادیاں کرنے والے ملزم کے خلاف مقدمے کی سماعت ہوئی۔

پولیس نے ملزم کو ہفتے کے روز پیر آباد سے گرفتار کیا تھا جسے آج عدالت میں پیش کیا گیا۔ 

پولیس نے ملزم کو عدالت میں پیش کیا تو ملزم کی ایک بیوی نے اسے دیکھتے ہی احاطہ عدالت میں تھپڑ رسید کردیے۔

متاثرہ خاتون نے الزام لگایا کہ  ملزم ناصر  نے ان کے ساتھ 2014 میں نکاح ہوا تھا اور  پھر کاروبار کے سلسلے میں ان سے 8 لاکھ روپے لے کر غائب ہوگیا، ملزم نے جعلی نکاح نامہ بنوا کر دھوکا دیا ہے۔

متاثرہ خاتون کا کہنا تھاکہ ملزم نے جعلی شادیاں کرنے کے لیے ایک گروہ بنا رکھا ہے، ناصر اس طرح کئی لڑکیوں کی زندگیاں خراب کرچکا ہے جب کہ اس کا اصل نام عبد الماجد ہے جو نام بدل بدل کر شادیاں کرتا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے ملزم کو 14 روزہ عدالتی ریمانڈ پرجیل بھیج دیا اور پولیس کو ملزم کے خلاف چالان جمع کرانے کا حکم دیا۔