|

وقتِ اشاعت :   October 5 – 2020

گوادر: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو گوادر حمود الرحما ن نے کہا ہے کہ بچوں کو محفوظ اور صحت مند مستقبل دینے کیلئے ضلعی انتظامیہ پولیو مہم کی کامیابی میں بھرپور کردار اداکریگی صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے لائن ڈیپارٹمنٹ کے افسران قومی پولیو مہم کے دوران اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے پولیو مہم کی تیاری اور خدمات سرانجام دینے والے افسران کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر نے پولیو مہم کے حوالے سے ایشوز اور سیکیورٹی امورکے حوالے سے اے ڈی سی ریونیو کو تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں بتایا کہ پولیو مہم میں پولیس کی سیکیورٹی اور تعاون کے بغیرہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی ٹیمیں اپنی خدمات سرانجام دیتی ہیں،اے ڈی سی کے زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں مشاورت سے طے پایا کہ سرحدی علاقوں میں لیویز فورس اور شہری علاقوں میں پولیس پولیو مہم کے دوران ٹیموں کی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گی۔

اس سلسلے میں پولیس کے متعلقہ ذمہ دارافسران کو آگاہ کیا جائیگااجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر نے بریفنگ میں بتایا کہ ضلع گوادر میں تدریسی سرگرمیوں کا آغاز ہونے کے بعد سات سو سے زائد اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں 21ٹیچرز میں کورونا کی تصدیق کے بعد انھوں نے خودکو کورنٹائن کرلیا ہے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر نے اجلاس میں بتایا کہ ضلع گوادر میں ٹیچرز کی چھ سو سے زائد اسامیاں خالی ہیں تدریسی اسٹاف کی کمی کے باوجود اساتذہ پولیو میں حصہ لے رہے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر گوادر راجہ اطہر عباس نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی کاز ہے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی، پولیو مہم کے دوران کسی بھی ملازم نے اپنی ذمہ داریوں سے کوتاہی کی تو اسکے خلاف ایکشن لیں گے اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر غلام فاروق ہوت ایم ایس گوادر سول ہسپتال ڈاکٹر عبدالطیف دشتی، ڈسٹر کٹ ایجوکیشن افسر گوادر زاہد حسین ایکسئن سی اینڈڈبلیو نصیر احمد رند، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ دوست محمد بلوچ۔

ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفئیر افسر سرتاج گچکی، ڈسٹر کٹ انچارج این آر ایس پی پیر جان، ڈائریکٹر ایڈمن جی ڈی اے ممتاز علی،ایکسئن بلڈنگ سی اینڈڈبلیو محمد اکرم بلوچ،سوشل ویلفئر افسر عبیداللہ، ڈاکٹر شیر دل ڈپٹی ڈی ایچ او،ڈسٹرکٹ ہیلتھ کوآرڈینیٹر ای پی آئی عبدالسلا م بلوچ، پی پی ایچ آئی نمائندگان صابر حیاتان اورسپرنٹنڈنٹ ڈی سی آفس محمد سلیم رونجو اورچیف آفیسر بلدیہ گوادر ایاز گورگیج ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر نوروز یعقوب اجلاس میں شریک ہوئے۔