|

وقتِ اشاعت :   October 8 – 2020

گوادر: الیکشن کمیشن گوادر کی جانب سے آئندہ بلدیاتی الیکشن کیلئے انتخابی فہرستیں عوام الناس کیلئے آویزاں کردی گئی ہیں الیکشن کمشنر بلوچستان عبدالرازق کے احکامات کی روشنی میں انتخابی فہرستوں میں شفاف طریقے سے نئے ناموں کے اندراج اور غلط ناموں کی درستگی کا عمل 9 اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسر کی نگرانی میں جاری ہے تاکہ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے انتخابی فہرستوں میں درستگی کا عمل تیزی سے مکمل کیا جاسکے۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر گوادر رسول بخش بلوچ نے اپنے دفتر میں بریفنگ میں بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے آئندہ بلدیاتی الیکشن کے شفاف غیرجانبدارانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے قومی خدمت کے جذ بے کے تحت الیکشن کمیشن گوادر کاعملہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے کیلئے کوشاں ہے اس سلسلے میں حتمی کمپیوٹرائز ڈ انتخابی فہرستوں کی اشاعت کا کام مکمل ہونے کے بعد عوام الناس کیلئے آویزاں کردی کی گئی ہیں۔

انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ الیکشن کمیشن گوادر کا،عملہ بلامعاوضہ انتخابی فہرستوں میں اندراج شدہ ناموں کی درستگی اور نئے ناموں کے اندراج کیساتھ فوت شدہ ووٹرز کے نام حذف کررہا ہے شہری الیکشن کمیشن کے نمبر 8300 پر اپنے شناختی کارڈ نمبر بھیج کر تصدیق بدزریعہ ایس ایم ایس بھی حاصل کرسکتے ہیں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے بریفنگ میں بتایا کہ نئے انتخابی فہرستوں میں 10 ہزار نو سو چھیاسٹھ نئے ووٹرز کا اندراج ہواہے۔

ضلع گوادر کے ووٹرز کی تعداد پہلے ایک لاکھ بیس ہزار تین سو اکتالیس تھی اور نئے حتمی انتخابی فہرستوں کے مطابق ضلع گوادر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ اکتیس ہزار تین سوسات ہے جن میں 59551 خواتین ووٹرز اور 71756مرد ووٹرز ہیں انہوں نے بتایا کہ ضلع گوادر کے ضلع کونسل کے ADLG اور تمام تحصیلوں کے چیف آفیسرز کو سرکولر جاری کردیے گئے کہ فوت شدہ افراد کا سرٹیفکیٹ ڈیٹا فراہم کیا جائے تاکہ انتخابی فہرستوں سے فوت شدہ افراد کے نام حذف کئے جائیں۔

اس پر فوری عملدرآمد کیلئے الیکشن کمیشن کا عملہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے رپورٹ فراہمی کامنتظر ہے جونہی رپورٹ ملے گی انتخابی فہرستوں میں اندراج فوت شدہ افراد کے نام حذف کئے جائیں گے۔