|

وقتِ اشاعت :   October 11 – 2020

اوتھل: جمعیت علماء اسلام کے مرکزی جنرل سیکریٹری،سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی تحریک حکمرانوں کا دھڑن تختہ کردے گی۔حکومت پی ڈی ایم کی مقبولیت سے خوف زدہ ہے۔اس بار اگر اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ ہوا تو نتائج حاصل کرکے ہی واپس ہوں گے، حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لئیے پہلے مرحلے میں ملک کے بڑے شہروں میں عظیم الشان جلسے کئے جائیں گے۔

جب کہ دوسرے مرحلے میں اسمبلیوں سے استعفوں اور جیل بھرو تحریک کا آپشن موجود ہے، بلوچستان اور سندھ کے ساحل اور جزائر وفاق کے جابرانہ تسلط و قبضے کے فیصلوں کو جے یو آئی قبول نہیں کرتی ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ مدنیہ اوتھل میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔مولانا عبداغفور حیدری نے کہا کہ حکمران اپنی کوتاہیوں او کمزوریوں اور گری ہوئی۔

معیشت کو کرونا کے پیچھے چھپانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی گیدڑ بھبکیوں سے اپوزیشن کا راستہ نہیں روک سکتی۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ حکومت اب اپوزیشن کے رہنماؤں پر بغاوت کے مقدمات قائم کرکے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے لیکن ہم ڈرنے والے نہیں ہیں بلکہ حکمرانوں کی اپوزیشن کی تحریک کے خوف سے ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک میں مہنگائی کا سونامی لاکر غریبوں اور متوسط طبقے کا جینا حرام کر دیا ہے۔

کیوں کہ قیام پاکستان سے اب تک ایسے حکمران کبھی نہیں آئے جنہوں نے آٹا، چینی، دالیں، سبزیاں، بجلی، گیس، غرض کہ ہر چیز مہنگی کرکے غریبوں اور متوسط طبقے سے جینے کا حق چھین لیا ہو۔اب پاکستان کے عوام موجودہ حکومت سے تنگ آچکے ہیں۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کرنے والوں نے پاکستان کے آئین سے بغاوت کی یے۔پی ڈی ایم پاکستان کے کروڑوں عوام کی نمائندگی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جے یوآئی نہ صرف ملک کی نمائندہ جماعت ہے بلکہ پورے امت مسلمہ کی نمائندگی کر رہی ہے۔جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی کوشش کی۔اس موقع پر جے یو آئی لسبیلہ کے امیر مولانا عبدالحمید عارف،اوتھل کے امیر مولانا مفتی محمد سعید،نائب امیرمولانا عبدالغفار،جے یو آئی لسبیلہ کے ڈپٹی پریس سیکرٹری حافظ حسین احمد مدنی،صاحبزادہ مفتی محمد طیب حیدری،قاری محمد اکرم،مولانا نعمت اللہ، اور دیگر رہنما و کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔