|

وقتِ اشاعت :   October 18 – 2020

کوئٹہ۔وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کا اپوزیشن جماعتوں کی تحریک پی ڈی ایم پر ردعمل دیتے ہو ئے کہا کہ پی ڈی ایم کا ملکی سالمیت کو محفوظ اور قائم رکھنے والے اداروں کے خلاف تقریر نہ تو نادانی ہے اور نہ ہی محض کوئی اتفاق۔

قومی اداروں اور سربراہان کا جلسے میں ذکر اس بات کا ثبوت ہے کہ اپوزیشن اس ملک میں اشتعال کی سیاست کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ہم شاید بھول رہے ہیں کہ دنیا آج بھی کرونا وائرس کی لپیٹ میں ہے اور کئی ترقی یافتہ اور مضبوط معیشتیں بھی گھٹنوں پر آگئی ہیں۔گزشتہ آٹھ مہینوں میں کوئی ایسا ملک نہیں ہے جس کی معیشت کرونا وائرس کے سبب متاثر نہ ہوئی ہو۔جام کمال کامزید کہنا تھا کہ یہ وقت ملک اور قوم کو مزید آزمائش میں ڈالنے کا نہیں بلکہ بہتر حکمت عملی اور غور و فکر سے قوم اور ملک کو آگے لے جانا ہے جسے اس وقت پاکستانیوں کی ضرورت ہے۔ان جلسوں سے نہ تو کرونا وائرس کا خاتمہ ہوگا اور نہ ہی معیشت کو ہونے والے نقصان کا ازالہ ہو سکتا ہے۔یہ وہ وقت ہے جب قوم مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے متحد ہوکر کر مستقبل کا سوچیں۔میری دعا ہے کہ اللہ تعالی ان سیاسی سربراہوں کو وہ عقل و فہم عطا کرے جو ملک اور قوم کے بہتر مستقبل اور تعمیر کے حق میں ہوں۔