|

وقتِ اشاعت :   October 18 – 2020

حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومٹ (پی ڈی ایم) گوجرانوالہ کے بعد ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں اپنے دوسرے پاور شو کے لیے تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور مولانا فضل الرحمٰن، مریم نواز اور بلاول بھٹو سمیت مرکزی قیادت جلسہ گاہ پہنچ گئی ہے۔

اپوزیشن کی 11 جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے جلسے کے لیے کراچی میں مزار قائد سے متصل باغ جناح میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور گوجرانوالہ کے مقابلے میں یہاں جلسے کے لیے انتظامات کرنا کافی آسان دکھائی دے رہا ہے کیونکہ یہاں پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی صوبائی حکومت خود اس اتحاد کا حصہ ہے اور اسی کو دیکھتے ہوئے مقامی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

پیپلزپارٹی کی میزبانی میں ہونے والا یہ جلسہ 18 اکتوبر 2007 کو پیش آئے سانحہ کارساز کی 13ویں برسی کے موقع پر منعقد کیا گیا ہے۔

آج کے جلسے کے بارے میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےبتایا تھا کہ پیپلزپارٹی ایک بڑا پاور شو کرنے جارہی ہے جو عمران خان کو بتائے گا کہ لوگ ان کے بارے میں کیا سوچتے ہیں، یہی نہیں بلکہ مجھے پی ڈی ایم کی کامیابی پر کوئی شک بھی نہیں ہے۔