|

وقتِ اشاعت :   October 20 – 2020

تربت: تربت سول سوسائٹی نے تمپ میں خاتون کو قتل کرنے کی مذمت ور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کر دیا۔تربت سول سوسائٹی کے ترجمان نے گزشتہ روز تمپ میں زمین کے تنازعے پر مسلح افراد کے ہاتھوں ایک خاتون کو بے دردی سے شہید کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے دو دن گزر نے کے باوجود قاتلوں کو گرفتار نہ کرنے پر پولیس کے کردار پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔

ترجمان نے اس بات پر سخت افسوس ظاہر کیا ہے کہ معاشرے میں روز بروز عدم رواداری اور عدم برداشت بڑھاتا جارہا ہے، چند مہینوں کے دوران پے در پے چار عورتوں ڈ شاہین اور اب آ سیہ بی بی کا نام بھی شامل ہوا ہے۔ان کا مذید کہنا تھا کہ ان چاروں واقعات میں پولیس کسی ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی البتہ شہید ملک ناز کی بہادری کی وجہ سے وہ اپنی جان پر کھیل کر قاتل کو قابو میں لاسکی۔

جس پر مجبوراً پولیس کو کاروائی کرنا پڑی جبکہ شہید کلثوم، شہید شاہینہ شاہین اور شہید آسیہ کے قاتل گرفتار نہ ہوسکے۔ترجمان نے پولیس اور ڈی پی او کے کردار پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ ضلع کیچ میں حالات بہت زیادہ خراب ہوگئے ہیں۔

مگر ان پر قابو پانے کے لیے کوئی سنجیدہ کوشش نظر نہیں آ رہی جو افسوس کا باعث ہے۔ترجمان نے تمام سیاسی جماعتوں اور سیاسی قیادت سمیت سول سوسائٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس کی نااہلی کے خلاف آواز بلند کریں تاکہ مذید حالات گھمبیر شکل اختیار نہ کریں جہاں ہر دوسرا شخص پولیس کے خوف سے ماورا ہو کر بندوق اٹھائے اور جو دل چاہے کرتا پھرے۔