|

وقتِ اشاعت :   October 26 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جمال خان مندوخیل اور جناب جسٹس عبدالحمید بلوچ پر مشتمل بنچ کے رو برو جعلی ڈومیسائل /لوکل سرٹیفکیٹ کے اجرا سے متعلق دائر آئینی درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار دوست محمد مندوخیل ایڈووکیٹ، ایڈووکیٹ جنرل ارباب طاہر کاسی ایڈووکیٹ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان عبدا لباسط پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے بینچ کو بتایا کہ لوکل اور ڈومیسائل سے متعلق تمام ڈویژنز کا رپورٹ ابھی تک تیار نہیں کیا گیا اس سلسلے میں عدالت سے مہلت کی استدعا کی جاتی ہے بنچ نے رپورٹس پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ آئندہ تاریخ سماعت پر تمام کمشنرز رپورٹس پیش کرے۔ عدالت نے مزید ہدایت کی کہ تمام ڈی سی اوز لوکل /ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کی تصدیق صاف شفاف طریقے سے کرے۔

جعلی لوکل /ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے منسوخی کے ساتھ ساتھ اس بابت قانونی کارروائی کی جائے، لوکل /ڈومیسائل سرٹیفکیٹ پر اعتراض کی صورت میں لوکل /ڈومیسائل سرٹیفکیٹ والے شخص کو ڈی سی نوٹس جاری کرے اور30 دن کے اندر درخواست پر فیصلہ سنا دے جو ڈی سی درخواست وصول کرنے سے انکار کرے اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

عدالت نے ڈی سی ژوب اور ڈی سی شیرانی کی جانب سے لوکل /ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کی تصدیقی عمل میں سست روی پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ ژوب لوکل /ڈومیسائل/تصدیق کمیٹی (ویری فیکیشن کمیٹی)کو ختم کرے۔

اس سلسلے میں ازسر نو کمیٹی تشکیل دی جائے بنچ نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ لوکل اور ڈومیسائل کے لئے قانون بنا ئے اور آئندہ پیشی پر رپورٹس جمع کرے بعد ازاں آئینی درخواست کی سماعت 24نومبر تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔