|

وقتِ اشاعت :   October 26 – 2020

کوئٹہ: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ و قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ جمعیت علما اسلام میں لوگوں کی جوق در جوق شمولیت اس بات کی غماز ہے کہ حالات چاہے جیسے ہی کیوں نہ ہوں فتح ہمیشہ حق و صداقت کی ہوتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے سابق صدر،فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کوآرڈینیٹر برائے بلوچستان ممتاز تاجر وسیاسی شخصیت جمعہ خان بادیزئی کی جمعیت علما اسلام (ف)میں شمولیت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جمعیتِ علما اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع،جمعیت کی مرکزی شوریٰ کے رکن مولانا حافظ محمد یوسف و دیگر بھی موجود تھے۔فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کوآرڈینیٹر برائے بلوچستان جمعہ خان بادیزئی نے جمعیت علما اسلام میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں جمعیت علمائے اسلام ہی واحد سیاسی مذہبی جماعت ہے۔

جو ملک وقوم اور امت مسلمہ کو درپیش مشکلات سے چھٹکارا دلا سکتی ہے،انہوں نے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع،مولانا حافظ محمد یوسف و دیگر کی جانب سے انہیں جمعیت علما اسلام میں شمولیت کے لئے دعوت دینے پر شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اس وقت ملک کی عوام اور امت مسلمہ کی نمائندگی بہترین انداز سے کر رہے ہیں۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے ایف پی سی سی آئی بلوچستان کے کوآرڈینیٹر ممتاز تاجر و سیاسی شخصیت جمعہ خان بادیزئی کو جمعیت علما اسلام میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ایسے حالات میں جب ملک و قوم مختلف مشکلات اور چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔

ایسے میں جمعیت علما اسلام عوام کو درپیش مشکلات کے حل،جمہوریت کے استحکام کے لئے جدوجہد کر رہی ہے موجودہ حالات میں لوگوں کا جمعیت پر اعتماد اس بات کی غماز ہے کہ حالات چاہے جیسے ہی کیوں نہ ہوں فتح ہمیشہ حق و سچ کی ہوتی ہے ہمیں امید ہے کہ نئے شامل ہونے والے جمعیت علما اسلام کا پیغام عام کرنے کے لئے اپنی توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔