|

وقتِ اشاعت :   October 26 – 2020

کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع، صوبائی جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی مولانا آغا محمودشاہ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات دلاور خان کاکڑ اور صوبائی مجلس عاملہ کے اراکین نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے کامیاب جلسے کے انعقاد پر پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں اورخاص کر جمعیت علماء اسلام کے تمام اضلاع کے ضلع عہدیداروں اور پارٹی کارکنوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کی۔

اور کہا کہ جمہوری تحریک کے قائد مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر پارٹیوں کے قائدین کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے جس انداز سے انہوں نے جلسوں کی کامیابی اور ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے آواز بلند کی اس پر جمعیت علماء اسلام بلوچستان انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ صوبائی جماعت کے ساتھ ان کی ولولہ انگیز تھا۔

جس پر صوبے کی تمام جمہوری پارٹیوں کے قائدین،عہدیداروں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ماضی اور حال کی طرح مستقبل میں بھی اس عزم، جوش اور ولولے اور اطاعت کا مظاہرہ کریں گے، اللہ کی فضل و مدد سے ہر مشکل اور آزمائش کا بھر پور مقابلہ کریں گے۔ بیان میں سلیکٹڈ حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کی وجہ سے آج ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔

بین الاقوامی سطح پر آج پاکستان اکیلا رہ چکا ہے، سعودی عرب اور چائنا کی شکل میں بہترین دوست ممالک ناراض ہیں اس سے اندازہ لگایا جاسکتاہے کہ ملک پر نااہل اور سلیکٹڈ حکمران مسلط ہے جس کا کا خمیازہ پورے ملک کو بھگتنا پڑرہا ہے۔ دریں اثناء جمعیت علماء اسلام کے صوبائی بیان میں فرانس کے صدر کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حضرت محمدؐ کی شان میں گستاخی مسلمانوں کسی بھی قیمت پر قابل قبول نہیں ہے۔

اس بلاجواز حرکت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ جمعیت علماء اسلام مذہبی آہم آہنگی پر یقین رکھتی ہے بطور مسلمان ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکار دوجہاں ﷺ کی شان میں گستاخی سے پوری دنیا میں رہنے والے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچا ہے۔ اس وقت پوری دنیا کے مسلمان ممالک کو اس طرح کے مذموم حرکات کے خلاف اکھٹے ہو کرجدوجہد کرنا ہوگا۔