|

وقتِ اشاعت :   October 27 – 2020

کوئٹہ: کوئٹہ کے نان بائیان 2دھڑوں میں تقسیم ہوگئے، ایک دھڑے نے ہڑتال ختم کرکے تندور کھولنے کا اعلان جبکہ دوسرے دھڑے نے ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ برقرار رکھا اور ساتھ ہی میڈیا میں نان بائیوں کے تقسیم ہونے کی خبر کو من گھڑت قرار دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے نان بائیان دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئے ایک دھڑے کے سربراہ مولوی خیال محمد ودیگر نے ساتھیوں کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 2افراد پر مشتمل ایسوسی ایشن نے پچھلے سال بھی عین 12ربیع الاول کے موقع پر ہڑتال کا اعلان کیا جس کی ہم نے مخالفت کی تھی مگر اس کے باوجود بھی ہڑتال کی گئی اور اب ایک مرتبہ پھر انہوں نے ہڑتال کا علان کیا اور کئی دن تک ہڑتال کی گئی۔

جس پر ہم عوام سے معذرت کرتے ہوئے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ منگل کو تندو ر کھولنے پر مخالفین کی جانب سے تندور توڑنے کی دھمکیاں دی گئی جس پر غریب تندور مالکان نے دوبارہ دکانیں بند کردی۔ انہوں نے تندور مالکان کو ہدایت کی کہ وہ بلا خوف تندور کھولیں اور اگر کوئی بھی تندور بند کرانے کی کوشش کرے تو انہیں اور انتظامیہ کو اطلاع دی جائے۔

انتظامیہ آپ کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے انہیں کہا گیا کہ فی الحال پرانے ریٹ پر تندور چلائے اس سلسلے میں کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جو چند روز میں تندور مالکان مذاکرات جاری رکھے گی اور اس مسئلے کا مناسب حل نکالا جائے گا مگر اس کے باوجود بھی مذکورہ تنظیم نے ہڑتال جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ 2012سے انہیں نیا ریٹ نہیں دیا گیا ہے۔

اور آٹا سمیت گیس بھی مہنگی ہوگئی ہے تاہم یہ وقت ہڑتال کرنے کا نہیں تھا جس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔ دریں اثناء نان بائیان ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد نعیم خلجی، رضا خلجی ودیگر نے مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ان کا ہڑتال تاحال جاری ہے اور پورے شہر میں تندور بند ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیاکہ ایک شخص انتظامیہ کی ایماء پر ان کی ہڑتال کو ناکام بنانے کی کوشش کررہا ہے،انتظامیہ نان بائیاں کو دو گروپوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کررہی ہے اگر انہیں آپس میں لڑانے کی کوشش کی گئی تو وہ عدالت سے رجوع کرنے پر مجبور ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نان بائیاں کے دو دھڑوں میں تقسیم کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر من گھڑت ہے ہمارا حتجاج برحق ہے بلکہ تمام نان بائیاں ہڑتال کے پابند ہے۔ اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران کے صدر رحیم کاکڑ نے کہا کہ آٹا سمیت تمام اشیاء کی قیمتیں بڑھ چکی ہیں اس لئے انتظامیہ تندور مالکان کو مناسب ریٹ دے۔