|

وقتِ اشاعت :   October 27 – 2020

کوئٹہ: صوبائی وزیرداخلہ بلوچستان و پی ڈی ایم اے میرضیااللہ لانگو نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی جدو جہد آزادی میں ان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا،کشمیر کو پاکستان کا شہ رگ سمجھتے ہوئے کشمیریوں پر جاری مظالم کے خاتمے کے لیے ہرممکن اقدامات کریں گے اور کشمیر اور کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت و ناجائز کے خلاف نکالی گئی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی ریلی صوبائی وزیرداخلہ بلوچستان و پی ڈی ایم اے میرضیااللہ لانگو کی قیادت میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت وناجائز قبضے کے خلاف یوم سیاہ کے حوالے سے پی ڈی ایم اے آفس سے ایک ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب کوئٹہ کے سامنے پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی میں رکن صوبائی اسمبلی و مشیر برائے اقلیتی امور دھنیش کمار، ڈائریکٹر ایڈمن فیصل پانیزئی،، ڈائریکٹر ریلیف عطاء اللہ مینگل، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن فیصل طارق،ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پی ڈی ایم اے امان اللہ رند، ڈپٹی ڈائریکٹر ملک زادہ عبدالغنی لانگو، مہر دل بلوچ، بابر رمضان لانگو و دیگر نے بھی شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرداخلہ بلوچستان میرضیااللہ لانگو نے کہا کہ بھارت نے 27اکتوبر 1947کو مقبوضہ کشمیر میں فوجیں اتاری اور آج 9 لاکھ بھارتی فوجی وہاں تعینات ہیں جو کہ عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ آج پاکستان میں یوم سیاہ اور ریلیوں کا مقصد عالمی میڈیا کا توجہ کشمیر کی جانب مبذول کرانا ہے۔