|

وقتِ اشاعت :   October 29 – 2020

کوئٹہ: امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاکہ نبی کریم ؐ کی شان میں گستاخی پر فرانسیسی صدر پوری امت مسلمہ سے معافی مانگیں محمدؐکی حرمت پر جان بھی قربان ہے عالم اسلام کے حکمرانوں کے لیے شرم کامقام ہے کہ فرانس اور یورپ کی مذمت تک نہیں کرسکتے اور نہ فرانسیسی سفیر کو واپس کرسکتے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کو اعلان کرنا چاہیئے کہ فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔

وزیر اعظم عمران خان فرانسیسی سفیر کو واپس بھیجیں۔ فرانس اور یورپ کے توہین آمیز خاکوں کو دہشت گردی قراردیاجائے۔ 57 اسلامی ممالک اور پورا عالم اسلام محمد ؐسے محبت کرتا ہے۔ ہم حرمت رسول کا تحفظ اور محمدؐ سے عشق و محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک میں رسول ؐ کے لائے ہوئے نظام کی طرف پیش قدمی کرنی ہوگی۔

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر آج ملک بھرکی طرح بلوچستان بھر میں ’حرمت رسول“ کے حوالے سے ملک گیر سطح پر یوم احتجاج منایاجائیگاہے۔میزان چوک پر ”تحفظ ناموس رسالت ؐ ریلی“ نکالی جائے گی انہوں نے کہاکہ مسلمان امن پسند قوم ہے، پیغمبروں میں کوئی تقسیم نہیں کرتے، اہل مغرب اپنے ایجنڈے کے تحت ایسی ناپاک حرکت کرواتے ہیں۔

اہل مغرب مسلمانوں کو جتنا اشتعال دلائیں گے مسلمان اتناہی زیادہ اپنے نبی ؐسے عقیدت و محبت کا اظہارکریں گے نام نہاد آزادی اظہار رائے کے خلاف پوری دنیا کے مسلمان ایک ہیں۔ حرمت رسول پر جان بھی قربان ہے۔آج عالم اسلام کے حکمران سورہے ہیں سوائے ترکی اور کویت کے کسی نے جرات مندی کا مظاہرہ نہیں کیا۔