کوئٹہ: پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کوئٹہ سمیت پاکستان کے گیارہ بڑے شہروں میں ایک بار پھر کوویڈ کے غیر معمولی پھیلاؤ سے متعلق این سی او سی کی وارننگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کرکے اپنے اور اپنے خاندان کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
اپنے ایک بیان میں پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا پر ابتک کورونا وائرس کے خطرات منڈلا رہے ہیں ویکسین دریافت نہ ہونے کے باعث اس موذی وباء پر کنٹرول کا واحد راستہ مجوزہ ایس او پیز پر عمل درآمد میں پنہاں ہے ذرا سی بے احتیاطی پورے خاندان، محلے علاقے اور شہروں میں اس وباء کی ترویج کا سبب بن سکتی ہے اس لئے علاج سے احتیاط بہتر ہے۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے محکمہ صحت بلوچستان کے تمام انتظامی افسران ڈویڑنل ڈائریکٹرز، ضلعی افسران صحت اور تمام اسپتالوں کے میڈیکل سپریٹنڈنٹس، انچارج صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے زیر انتظام اداروں میں ماسک اور ہینڈ سینٹائزر کے استعمال سمیت ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے عوامی رابطہ کاری کے اداروں، پبلک مقامات، تعلیمی اداروں میں کوویڈ سے متعلق شعوری آگاہی کے لئے اقدامات اٹھائیں۔